مزید پانچ یوٹیوبرز کو ریلیف، عدالت نے بندش کا حکم معطل کر دیا

09:52 PM, 12 Jul, 2025

اسلام آباد: یوٹیوب پر مبینہ ریاست مخالف مواد کی اشاعت کے الزام میں بند کیے گئے یوٹیوب چینلز کے کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، جہاں اسلام آباد کی سیشن عدالت نے مزید پانچ یوٹیوبرز کے چینلز کی بندش کے حکم کو معطل کر دیا ہے۔

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج افضل مجوکہ نے مخدوم شہاب الدین، اوریا مقبول جان، عبدالقادر، عزیر انور اور عمیر رفیق کی اپیلوں پر سماعت کے بعد ابتدائی طور پر ان کے خلاف جاری پابندی کا حکم معطل کر دیا۔

یہ اپیلیں جوڈیشل مجسٹریٹ عباس شاہ کے 8 جولائی کے فیصلے کے خلاف دائر کی گئی تھیں، جس میں ایف آئی اے کی درخواست پر 27 یوٹیوب چینلز کو بند کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔

عدالت نے قرار دیا کہ اپیل کنندگان کا مؤقف سنے بغیر ان کے خلاف فیصلہ سنایا گیا، جو بنیادی انسانی اور قانونی حقوق کے خلاف ہے۔

ادھر سینئر صحافی حبیب اکرم کی اپیل پر سماعت ان کی غیر حاضری کے باعث 14 جولائی تک ملتوی کر دی گئی ہے۔

اس سے قبل عدالت صحافی مطیع اللہ جان اور اسد طور کے یوٹیوب چینلز کی بندش کا حکم بھی معطل کر چکی ہے، جنہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ انہیں نہ تو سنا گیا اور نہ ہی کوئی نوٹس دیا گیا، جو آئین کے آرٹیکل 10 اے کی خلاف ورزی ہے۔

مزیدخبریں