انسٹاگرام پر غلط الزامات کی بنیاد پر صارفین کے اکاؤنٹس بند ہونے لگے

07:51 PM, 12 Jul, 2025

 لندن :سوشل میڈیا ایپ انسٹاگرام پر یہ سنسنی خیز انکشاف سامنے آیا ہے کہ کئی صارفین کے اکاؤنٹس، جن میں آمدنی پیدا کرنے والے اکاؤنٹس بھی شامل ہیں، بچوں سے متعلق نامناسب مواد کے الزامات کے تحت بغیر کسی وضاحت اور اپیل کے مستقل طور پر بند کر دیے گئے۔

انسٹاگرام اور اس کی ملکیتی کمپنی میٹا، بچوں سے متعلق غیر اخلاقی مواد پر سخت قوانین رکھتی ہے، اور کسی بھی مشکوک مواد کی موجودگی پر فوری ایکشن لیا جاتا ہے۔ لیکن حالیہ رپورٹس سے پتا چلا ہے کہ کئی بار انسٹاگرام کا خودکار سسٹم (آرٹیفیشل انٹیلیجنس) غلطی سے عام یا خاندانی نوعیت کی پوسٹس کو چائلڈ پورنوگرافی سمجھ کر اکاؤنٹ بلاک کر دیتا ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق، ایسے واقعات میں اضافے کے بعد درجنوں متاثرہ صارفین نے آن لائن مہم کا آغاز کر دیا ہے تاکہ انسٹاگرام کو مجبور کیا جا سکے کہ وہ اپنا جائزہ لینے کا نظام بہتر بنائے اور متاثرین کو اپنی صفائی پیش کرنے کا موقع دے۔

رپورٹس میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ بعض اوقات ماں بیٹے یا والد بیٹی کے درمیان جذباتی یا محبت بھرے مناظر کو بھی سسٹم غلط فہمی کی بنیاد پر قابلِ اعتراض مواد سمجھ لیتا ہے اور فوراً کارروائی کرتا ہے۔

صارفین کا کہنا ہے کہ انہیں نہ صرف اپنے اکاؤنٹس سے محروم ہونا پڑا بلکہ انسٹاگرام نے کوئی اپیل یا نظرثانی کا راستہ بھی نہیں دیا، جس سے ان کا روزگار اور ساکھ دونوں متاثر ہوئے۔

تجزیہ کاروں نے سوشل میڈیا کمپنی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنی پالیسیوں اور خودکار فیصلوں کے نظام میں بہتری لائے، تاکہ مستقبل میں کسی بے گناہ صارف کو اس قسم کی زیادتی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

مزیدخبریں