ٹرمپ انتظامیہ کا بڑا اقدام: محکمہ خارجہ کے 1350 ملازمین برطرف

09:14 AM, 12 Jul, 2025

واشنگٹن :ٹرمپ انتظامیہ نے عدالت سے ریلیف ملنے کے فوراً بعد امریکی محکمہ خارجہ کے 1350 ملازمین کو برطرف کر دیا۔ وزیر خارجہ مارکو روبیو کے دستخط شدہ نوٹس کے ذریعے 1107 سول سروس ورکرز اور 246 فارن سروس افسران کو ملازمت سے نکالا گیا۔

محکمہ خارجہ کے بیان میں اس فیصلے کو "تنظیم نو منصوبہ" قرار دیا گیا ہے، جس کا مقصد سفارتی ترجیحات پر توجہ مرکوز کرنا اور داخلی امور کو زیادہ مؤثر بنانا ہے۔ اس اقدام کو سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے "امریکا فرسٹ" ایجنڈے کا حصہ قرار دیا گیا ہے، جس کے تحت انسانی حقوق، جمہوریت اور پناہ گزینوں سے متعلق کئی دفاتر بند کیے جا رہے ہیں۔

برطرفیوں کے بعد دفتر میں جذباتی مناظر دیکھنے میں آئے۔ ساتھی ملازمین نے ایک دوسرے کو خراج تحسین پیش کیا، گلے لگ کر رخصت کیا اور کئی افراد آبدیدہ ہو گئے۔
ڈیموکریٹک سینیٹر کرس وان ہولن بھی اظہارِ یکجہتی کے لیے عمارت کے باہر موجود تھے، جہاں اہلکار "شکریہ امریکی سفارتکارو" کے پلے کارڈز اٹھائے کھڑے تھے۔
  

مزیدخبریں