دہشتگردوں کے حمایتیوں سے کوئی رعایت نہیں ہوگی، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پر شدید تنقید: طلال چوہدری

06:00 PM, 12 Jan, 2026

اسلام آباد: وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے بیانات دہشتگردوں سے ہمدردی کی عکاسی کرتے ہیں، جو کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔ پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر کسی کو دہشتگردوں سے اتنی ہی ہمدردی ہے تو وہ افغانستان چلے جائیں، بصورتِ دیگر ریاست خود انہیں وہاں چھوڑنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ دنیا کے درجنوں ممالک افغانستان کو دہشتگردی کا مرکز قرار دے چکے ہیں، اس کے باوجود پاکستان کے اندر ریاستی اداروں کو کمزور کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، جو دراصل بلیک میلنگ کے مترادف ہے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کو سیاسی طور پر ناتجربہ کار قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے غیر سنجیدہ بیانات ملکی مفاد کے خلاف ہیں۔

وزیرِ مملکت نے واضح کیا کہ وزیراعلیٰ ہو یا کوئی عام سیاسی رہنما، پاکستان مخالف بیانیہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔ دہشتگردوں کے سہولت کاروں اور حمایتیوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی اور پاکستانیوں کے خون سے کھیلنے والوں کو ہرگز معاف نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے تحریک انصاف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں بھی پی ٹی آئی دہشتگردوں کو دہشتگرد کہنے سے گریز کرتی رہی ہے، حالانکہ اسی جماعت سمیت تمام سیاسی جماعتوں کے رہنما دہشتگردی کا نشانہ بنتے رہے ہیں۔ طلال چوہدری نے سوال اٹھایا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے مختلف صوبوں کے دورے کیے مگر کسی شہید کے اہلِ خانہ سے اظہارِ یکجہتی کیوں نہیں کی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ سیاسی سرگرمیاں ہر جماعت کا حق ہیں، تاہم ملکی سلامتی اور استحکام کے خلاف کوئی بھی رویہ ناقابلِ برداشت ہوگا اور ریاست پوری قوت سے جواب دے گی۔

مزیدخبریں