دہشتگردی کے خلاف قومی بیانیہ مضبوط کیا جائے گا، وفاقی وزیر اطلاعات

03:12 PM, 12 Jan, 2026

اسلام آباد:وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ حکومت دہشتگردوں کے بیانیے کا ڈٹ کر مقابلہ کرے گی اور انہیں معاشرے میں اپنا نظریہ پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

اسلام آباد میں پیغامِ امن کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عطا تارڑ نے بتایا کہ کمیٹی پشاور کا دورہ کرے گی، جہاں تمام مکاتبِ فکر کے علما سے مشاورت کی جائے گی اور یہ پیغام عام کیا جائے گا کہ اسلام امن، برداشت اور بھائی چارے کا دین ہے۔

وفاقی وزیر نے سوال اٹھایا کہ اسلام کے نام پر بھارت سے فنڈنگ لے کر پاکستان میں دہشتگردی کی کارروائیاں کیسے کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی منظم نیٹ ورکس کے ذریعے چلائی جا رہی ہے، جبکہ افغان حکومت کے بھارت کے ساتھ روابط بھی تشویش کا باعث ہیں۔

عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی قیادت میں پوری قوم دہشتگردی کے خلاف متحد ہے اور ریاست دشمن عناصر کے عزائم ناکام بنانے کے لیے قومی بیانیے کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پیغامِ امن کمیٹی میں اقلیتی نمائندے بھی شامل ہیں اور اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

مزیدخبریں