ڈھاکہ: بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کے سربراہ اور نوبل انعام یافتہ پروفیسر محمد یونس نے ملک کے 13ویں قومی پارلیمانی انتخابات اور 'جولائی نیشنل چارٹر' ریفرنڈم کے پُرامن و منظم انعقاد پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے ان انتخابات کو ملک کی جمہوری تاریخ کے پُروقار ترین انتخابات قرار دیا ہے۔
پروفیسر محمد یونس نے پولنگ کے اختتام پر اپنے خصوصی پیغام میں عوام کی پُرجوش شرکت کو سراہتے ہوئے کہا کہ شہریوں نے اپنے آئینی حق کا استعمال کر کے ثابت کر دیا ہے کہ ملک کے مستقبل کی تشکیل کا اختیار صرف ان کے پاس ہے۔ انہوں نے اس انتخابی عمل کو "قومی جشن" سے تعبیر کیا۔
چیف ایڈوائزر نے انتخابی عمل کو کامیاب بنانے والے تمام کلیدی اداروں بشمول الیکشن کمیشن، مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ، سول انتظامیہ، انتخابی عملہ اور مبصر مشنز۔ میڈیا نمائندگان اور سیاسی جماعتیں، ان سب کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور ذمہ دارانہ طرزِ عمل کی تعریف کی، جن کی محنت سے یہ پیچیدہ جمہوری عمل شفاف طریقے سے پایہ تکمیل کو پہنچا۔
پروفیسر یونس نے سیاسی جماعتوں اور امیدواروں پر زور دیا کہ حتمی نتائج کے اعلان کے بعد بھی برداشت، باہمی احترام اور جمہوری روایات کو برقرار رکھا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ "اختلافِ رائے جمہوریت کا حسن ہے، تاہم قومی مفاد میں اتحاد کو ترجیح دینا وقت کی ضرورت ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت ایک ایسی جوابدہ، جامع اور منصفانہ ریاست کے قیام کے لیے کام جاری رکھے گی جہاں عوامی امنگوں کی حقیقی ترجمانی ہو سکے۔ ان کے مطابق، اگر یہی مثبت رجحان برقرار رہا تو بنگلہ دیش کی جمہوریت نئی بلندیوں کو چھوئے گی۔
"بنگلہ دیشی عوام نے ایک بار پھر تاریخ رقم کر دی": پُرامن انتخابات پر پروفیسر محمد یونس کا قوم سے اظہارِ تشکر
05:54 PM, 12 Feb, 2026