پائیدار امن کے لیے سماجی انصاف اور بین المذاہب ہم آہنگی ضروری ہیں ، شہباز شریف

01:36 PM, 12 Feb, 2026

اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے تشدد پر مبنی انتہا پسندی کی روک تھام کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا کہ پائیدار امن کی بنیاد سماجی انصاف، معاشی شمولیت اور بین المذاہب ہم آہنگی پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتہاپسندی اور تشدد کے نظریات انسانیت، برداشت اور رواداری کے اصولوں کو کمزور کرتے ہیں۔

وزیراعظم نے دہشت گردی کے خلاف سکیورٹی اہلکاروں اور شہریوں کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ قربانیاں پاکستان کے عزم اور عہد کا روشن نشان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام انسانیت کی خدمت، مکالمے اور انسانی جان کے احترام کی تعلیم دیتا ہے، اور اس وقت ہمیں نوجوان نسل کو بہتر تعلیم اور مثبت سوچ فراہم کرنی چاہیے تاکہ وہ انتہاپسندی سے محفوظ رہیں۔

وزیراعظم نے عالمی سطح پر جاری ناانصافیوں اور تنازعات کو انتہاپسندی کی وجہ قرار دیا، خاص طور پر کشمیر اور فلسطین میں معصوم شہریوں پر ہونے والے ریاستی جبر کو انتہاپسندی کی علامات قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی برادری کو کشمیر اور فلسطین کے دیرینہ مسائل کے حل کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کرنے چاہئیں۔آخر میں وزیراعظم نے پاکستان کا عزم دہراتے ہوئے کہا کہ پاکستان عالمی امن اور انصاف کے قیام کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔

مزیدخبریں