اے آئی کی عالمی دوڑ فیصلہ کن مرحلے میں، امریکہ برتری لے گا: صدر ٹرمپ

09:10 AM, 12 Dec, 2025

واشنگٹن :امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آرٹیفیشل انٹیلیجنس سے متعلق نئے ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کرتے ہوئے کہا ہے کہ مستقبل کی عالمی قیادت کا دارومدار اے آئی ٹیکنالوجی پر ہوگا اور امریکہ یا چین میں سے صرف ایک ہی اس دوڑ میں فاتح بنے گا۔ میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ امریکہ اپنے مفادات کے تحفظ کے لیے بڑے فیصلے کر رہا ہے۔

صدر ٹرمپ نے عالمی تنازعات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ یوکرین میں جاری جنگ دنیا کو تیسری عالمی جنگ کے دہانے تک لے جا سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکہ یوکرین کی سکیورٹی میں مدد جاری رکھے گا کیونکہ اس جنگ میں ہزاروں جانیں ضائع ہو چکی ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ مشرقِ وسطیٰ میں امن کو آگے بڑھانے کے لیے ان کی کوششیں ماضی کی نسبت زیادہ مؤثر رہی ہیں اور غزہ میں بھی قیامِ امن کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ ٹرمپ کے مطابق ایران امریکہ سے نئے معاہدے کی خواہش رکھتا ہے جو خطے کی صورتحال میں بہتری لا سکتا ہے۔

امریکی صدر نے داخلی سکیورٹی پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وینزویلا سے ہزاروں مجرمانہ ریکارڈ رکھنے والے افراد امریکہ میں داخل ہوئے، جس پر سخت اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ سمندری راستوں سے منشیات کی اسمگلنگ میں 92 فیصد کمی آئی ہے جو موجودہ حکومتی حکمتِ عملی کی کامیابی ہے۔

مزیدخبریں