سونے کی قیمت میں ایک بار پھر تیزی، فی تولہ سونا 4 ہزار 200 روپے مہنگا

05:44 PM, 12 Aug, 2026

کراچی: ملکی صرافہ بازار میں سونے کی قیمت میں ایک مرتبہ پھر نمایاں تیزی دیکھی گئی ہے، جس کے باعث فی تولہ سونے کے نرخ میں 4 ہزار 200 روپے کا اضافہ ہوگیا۔

آل پاکستان صرافہ ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق اضافے کے بعد فی تولہ سونے کی قیمت 4 لاکھ 63 ہزار 936 روپے پر پہنچ گئی ہے۔ دس گرام سونے کے نرخ بھی 3 ہزار 601 روپے بڑھ گئے، جس کے بعد اس کی قیمت 3 لاکھ 97 ہزار 750 روپے ہوگئی۔

سونے کی قیمتوں میں حالیہ اضافے نے مقامی مارکیٹ میں قیمتی دھات کو ایک بار پھر بلند نرخوں پر پہنچا دیا ہے۔ نرخ بڑھنے سے زیورات کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوگیا ہے، جبکہ مستقبل میں سونے کی قیمتوں میں مزید اتار چڑھاؤ کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔

ادھر بین الاقوامی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں مسلسل تیسرے روز اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ رائٹرز کے مطابق اسپاٹ گولڈ کی قیمت ایک فیصد بڑھ کر 4,432.74 ڈالر فی اونس ہوگئی، جو 5 جون کے بعد عالمی سطح پر سونے کی بلند ترین قیمت ہے۔

امریکی گولڈ فیوچرز کے نرخ بھی 1.7 فیصد اضافے کے بعد 4,492.60 ڈالر فی اونس تک جا پہنچے۔

عالمی منڈی میں دیگر قیمتی دھاتیں بھی مہنگی ہوئیں۔ چاندی 0.9 فیصد اضافے کے ساتھ 66.30 ڈالر فی اونس، پلاٹینم 0.7 فیصد بڑھ کر 1,765.26 ڈالر جبکہ پیلاڈیم 0.8 فیصد اضافے کے بعد 1,394 ڈالر فی اونس میں فروخت ہوا۔

مزیدخبریں