واٹس ایپ میں نیا فیچر متعارف، صارفین کا بڑا مسئلہ حل ہونے کا امکان

05:31 PM, 12 Aug, 2026

کیلیفورنیا: واٹس ایپ پر کئی ماہ یا سال پرانے پیغامات تلاش کرنا صارفین کے لیے اکثر خاصا دشوار ہوتا ہے، تاہم اب ایپ انتظامیہ اس عمل کو سہل بنانے کے لیے ایک نئی سہولت کی آزمائش کر رہی ہے۔

WABetaInfo کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق آئی فون کے لیے واٹس ایپ کے حالیہ بیٹا ورژن میں ایک نیا سرچ بٹن دیکھا گیا ہے، جس کی مدد سے صارفین موجودہ چیٹ بند کیے بغیر پرانے پیغامات تلاش کرسکیں گے۔

اس وقت آئی فون پر کسی مخصوص پرانے میسج تک پہنچنے کے لیے صارف کو متعلقہ شخص یا گروپ کی گفتگو کھولنے کے بعد اوپر درج نام پر ٹیپ کرنا پڑتا ہے۔ اس کے نتیجے میں چیٹ انفارمیشن کھلتی ہے، جہاں موجود سرچ آپشن کے ذریعے دوبارہ چیٹ میں جاکر مطلوبہ پیغام تلاش کیا جاتا ہے۔

موجودہ نظام اگرچہ پیغامات کی تلاش کی سہولت دیتا ہے، تاہم اس کے لیے کئی مراحل مکمل کرنا پڑتے ہیں، جس کے باعث بعض صارفین کو یہ طریقہ مشکل محسوس ہوسکتا ہے۔ اسی صورتحال کے پیش نظر واٹس ایپ براہِ راست چیٹ ونڈو میں سرچ کی سہولت شامل کرنے کی تیاری کررہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق مجوزہ سرچ بٹن مستقل طور پر چیٹ اسکرین پر موجود نہیں رہے گا۔ جب صارف پرانے پیغامات کی طرف اوپر اسکرول کرے گا تو یہ بٹن نمودار ہوگا، جس پر کلک کرکے وہ فوری طور پر سرچ موڈ استعمال کرسکے گا۔

نئے آپشن کے ذریعے صارفین کو چیٹ انفارمیشن میں جانے اور اضافی مراحل سے گزرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی، یوں پرانے پیغامات تک رسائی نسبتاً تیز اور آسان ہوجائے گی۔

یہ فیچر فی الحال صرف واٹس ایپ کے آئی فون بیٹا ورژن میں آزمائشی مرحلے میں سامنے آیا ہے۔ اس لیے عام صارفین کے لیے اس کی دستیابی کی حتمی تاریخ ابھی سامنے نہیں آئی۔

مزیدخبریں