پی ٹی اے کی کارروائی، غیر اخلاقی مواد کے 10 لاکھ 65 ہزار سے زائد یو آر ایل بلاک

05:18 PM, 12 Aug, 2026

اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے سوشل میڈیا پر قابلِ اعتراض مواد کی روک تھام کے لیے کارروائی کرتے ہوئے مختلف زمروں میں 15 لاکھ 42 ہزار 800 یو آر ایل بند کر دیے۔

سرکاری دستاویز کے مطابق غیر اخلاقی مواد سے متعلق 10 لاکھ 65 ہزار سے زیادہ یو آر ایل کو بلاک کیا جاچکا ہے، جبکہ 563 لنکس ابھی جانچ کے مرحلے میں ہیں اور 9 ہزار 528 یو آر ایل کو مسترد کیا گیا ہے۔

دستاویز میں بتایا گیا کہ دہشتگردی سے متعلق ایک لاکھ 79 ہزار 285 یو آر ایل کو بلاکنگ کے لیے متعلقہ عمل میں شامل کیا گیا، جن میں سے ایک لاکھ 41 ہزار 897 لنکس تک رسائی روک دی گئی۔ مزید 23 ہزار 241 یو آر ایل کا جائزہ جاری ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق اسلام کی عظمت کے خلاف مواد کے زمرے میں ایک لاکھ 36 ہزار 891 یو آر ایل پر کارروائی کی گئی، جبکہ ملکی سلامتی اور دفاع سے متعلق ایک لاکھ 25 ہزار 427 یو آر ایل کو پراسیس کیا گیا۔ ان میں سے 74 ہزار 59 یو آر ایل کو بلاک کردیا گیا۔

فرقہ وارانہ اور نفرت پر مبنی مواد کے حوالے سے 76 ہزار 526 یو آر ایل کی جانچ اور کارروائی کی گئی۔ اسی طرح پراکسی سے متعلق 10 ہزار 319 یو آر ایل میں سے 10 ہزار 318 کو بلاک کیا گیا، جو تقریباً تمام متعلقہ لنکس بنتے ہیں۔

دستاویز کے مطابق بدنامی اور نقالی کے زمرے میں بھی 44 ہزار 200 یو آر ایل پر کارروائی عمل میں لائی گئی، جن میں سے 17 ہزار 356 لنکس بلاک کیے گئے۔

پی ٹی اے کے مجموعی اعداد و شمار کے مطابق مختلف کیٹیگریز میں 15 لاکھ 42 ہزار 800 یو آر ایل بلاک کیے جاچکے ہیں، جبکہ 76 ہزار 874 یو آر ایل زیرِ جائزہ ہیں اور ایک لاکھ 6 ہزار 629 یو آر ایل مسترد کیے گئے ہیں۔

مزیدخبریں