دبئی : ابوظہبی ٹی10 لیگ اپنے دسویں سیزن سے قبل انتظامی اور ملکیتی سطح پر اہم تبدیلیوں سے گزر رہی ہے۔ لیگ حکام کو توقع ہے کہ نئے فرنچائز مالکان اور مضبوط انتظامی نظام کے ذریعے ایونٹ کی ساکھ اور استحکام کو بہتر بنایا جاسکے گا۔
2017 میں شروع ہونے والی اس لیگ کو گزشتہ برسوں کے دوران کرپشن سے متعلق الزامات، کھلاڑیوں کو ادائیگیوں میں مشکلات اور فرنچائز مالکان کی تبدیلی جیسے مسائل کا سامنا رہا، جس سے لیگ کی ساکھ متاثر ہوئی۔
موجودہ صورتحال میں ابوظہبی حکومت نے ابوظہبی کرکٹ اینڈ سپورٹس ہب کے ذریعے لیگ کی اکثریتی ملکیت حاصل کرلی ہے۔ حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد لیگ کے انتظامی ڈھانچے کو مضبوط بنانا اور ٹیم مالکان کے ساتھ طویل مدتی معاہدے کرنا ہے۔
نئے فرنچائز مالکان کے انتخاب کے لیے ڈیلوئٹ کی نگرانی میں بولی کا عمل جاری ہے، جبکہ حتمی پیشکشیں رواں ہفتے متوقع ہیں۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ فی الحال لیگ میں آٹھ سے زیادہ ٹیمیں شامل کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں۔ اگلے تین سال تک توسیع کے بجائے موجودہ ڈھانچے کو مستحکم کرنے پر توجہ دی جائے گی۔