اسلام آباد: سینیٹ اجلاس میں اپوزیشن کا احتجاج، شیری رحمان کی تقریر کے دوران ہنگامہ آرائی

06:03 PM, 12 Aug, 2025

اسلام آباد: سینیٹ کے اجلاس میں اپوزیشن ارکان نے چیئرمین کے ڈائس کے قریب جا کر احتجاج کیا اور نعرے بازی کی۔ اجلاس کے دوران حکومتی اور اپوزیشن ممبران کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی۔

شیری رحمان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے سی پیک منصوبے کو نقصان پہنچایا۔ انہوں نے یاد دلایا کہ چینی صدر کے دورے کے موقع پر پی ٹی آئی نے ڈی چوک پر احتجاج کیا اور ناچ گانا بھی کیا تھا۔ شیری رحمان نے کہا کہ پی ٹی آئی والوں میں برداشت نہیں ہے اور ہمیں خارجہ پالیسی سکھانے کی کوشش نہ کی جائے۔

سینیٹر نے کہا کہ پرویز مشرف کے ریفرنڈم میں پی ٹی آئی نے بھی دستخط کیے تھے اور ان کے دور حکومت میں سختیاں برداشت کی گئیں۔ انہوں نے مریم نواز کی گرفتاری اور فریال تالپور کی مثال دی اور کہا کہ پیپلزپارٹی کے دور میں سیاسی نااہلی نہیں ہوئی۔

شیری رحمان نے سابق صدر آصف زرداری کی گرفتاری کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے 12 سال قید کاٹ کر قانون کا احترام کیا اور پولیس اہلکاروں کو چائے پلائی۔ انہوں نے بانی آئین شہید ذوالفقار علی بھٹو کی شہادت کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ اس وقت کبھی ملک میں کوئی 9 مئی جیسے واقعات یا چھاؤنی پر حملے نہیں ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جمہوریت کا حسن ہے اور ایوان میں گالم گلوچ کی کوئی گنجائش نہیں۔ شیری رحمان نے الزام لگایا کہ پی ٹی آئی کے سربراہ نے کہا تھا کہ اپوزیشن کو برف پر لٹایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف کے دور میں انہیں مسنگ پرسن بنایا گیا تھا اور پی ٹی آئی میں عدم برداشت نے ان کے سوشل میڈیا پیجز کو نقصان پہنچایا۔

مزیدخبریں