صدر ٹرمپ کا سخت اقدام: واشنگٹن ڈی سی میں نیشنل گارڈ کی تعیناتی اور پولیس کنٹرول سنبھال لیا

05:39 PM, 12 Aug, 2025

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وفاقی دارالحکومت میں امن و امان کی صورتحال کو جواز بناتے ہوئے 800 نیشنل گارڈ اہلکار تعینات کرنے کا حکم دیا ہے، جب کہ میٹروپولیٹن پولیس کا انتظام بھی براہِ راست وفاقی حکومت کے ماتحت کر دیا گیا ہے۔

بین الاقوامی نیوز ایجنسی ’رائٹرز‘ کے مطابق، اس فیصلے سے مقامی حکومت کو نظر انداز کر کے صدر ٹرمپ نے اپنے ایگزیکٹو اختیارات کا بھرپور استعمال کیا ہے، جسے کئی سیاسی مبصرین ان کی صدارت کے سخت گیر رجحانات کی علامت قرار دے رہے ہیں۔

یہ پہلا موقع نہیں کہ صدر ٹرمپ نے ڈیموکریٹک اکثریت رکھنے والے کسی شہر میں نیشنل گارڈ کی تعیناتی کی ہو۔ اس سے قبل 2024 میں وہ لاس اینجلس میں بھی پانچ ہزار اہلکار تعینات کر چکے ہیں۔

وائٹ ہاؤس میں پریس کانفرنس کے دوران صدر ٹرمپ نے دارالحکومت کی سڑکوں پر موجود بے گھر افراد، مبینہ جرائم پیشہ عناصر اور منشیات کے عادی نوجوانوں کو شہر کے امن کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا:

    "ہم اپنے دارالحکومت کو دوبارہ آزاد کرائیں گے۔"

ٹرمپ کے مطابق، ان اقدامات کا مقصد واشنگٹن کو محفوظ، صاف اور قابلِ فخر شہر بنانا ہے، تاہم ناقدین کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات خاص طور پر کمزور طبقوں، جیسے بے گھر افراد، کے لیے نقصان دہ اور غیر انسانی ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق، اگرچہ 2023 میں دارالحکومت میں جرائم کی شرح بڑھی تھی، تاہم 2024 میں اس میں 35 فیصد کمی آئی، اور 2025 کے ابتدائی مہینوں میں مزید 26 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

صدر نے عندیہ دیا کہ اگر ضرورت پڑی تو شکاگو، لاس اینجلس اور دیگر شہروں میں بھی اسی طرز کے اقدامات کیے جائیں گے۔

مزیدخبریں