دہشتگرد تنظیمیں عوام کے دشمن ہیں، بھارت کی پشت پناہی عیاں ہو چکی ہے: بلاول بھٹو

03:48 PM, 12 Aug, 2025

حیدرآباد  :  چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان میں دہشتگردی پھیلانے والی تنظیمیں جیسے بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) اور مجید بریگیڈ نہ صرف عوام کو نشانہ بنا رہی ہیں بلکہ کھل کر بھارت، خاص طور پر مودی حکومت کا ساتھ دے رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ تنظیمیں مزدوروں، عام شہریوں اور قومی اداروں پر حملے کر کے پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ "یہ ہمارے دشمنوں کے آلۂ کار بن چکے ہیں،" بلاول بھٹو نے کہا، "اور ہم چاہتے ہیں کہ اقوام متحدہ بھی ان پر پابندی عائد کرے تاکہ عالمی سطح پر ان کے خلاف کارروائی ممکن ہو۔"

انہوں نے کہا کہ امریکا کی جانب سے بی ایل اے اور مجید بریگیڈ کو دہشتگرد قرار دینا پاکستان کے مؤقف کی جیت ہے، اور یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ دنیا اب پاکستان کے سچ کو تسلیم کر رہی ہے۔

بلاول بھٹو نے بھارت کی آبی جارحیت پر بھی سخت ردعمل دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مودی حکومت بار بار دریائے سندھ کا پانی روکنے کی بات کر رہی ہے، حالانکہ سندھ طاس معاہدے کے تحت بھارت کو پاکستان کو اس کا پانی دینا پڑے گا۔ "یہ ہمارے عوام کی زندگی کا سوال ہے، اس پر پورے پاکستان کو متحد ہونا ہوگا،" انہوں نے کہا۔

انہوں نے زور دیا کہ پانی کے بحران سے نمٹنے کے لیے جدید زرعی طریقے، جیسے ڈریپ ایریگیشن، کو اپنانا ہوگا تاکہ پانی کا کم سے کم ضیاع ہو اور پیداوار بھی بڑھے۔

این ایف سی ایوارڈ کے معاملے پر بات کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ آئین کے مطابق ہر پانچ سال بعد صوبوں کو مالیاتی ایوارڈ دیا جانا چاہئے، مگر بدقسمتی سے حکومت کی نااہلی کی وجہ سے یہ عمل تاخیر کا شکار ہے۔ "اسلام آباد میں بیٹھے بیوروکریٹ اپنی ناکامی کا بوجھ صوبوں پر نہ ڈالیں،" انہوں نے کہا۔

آخر میں انہوں نے کہا کہ 27ویں آئینی ترمیم کے بارے میں پیپلز پارٹی سے کوئی رابطہ نہیں کیا گیا، اور وہ صرف میڈیا کے ذریعے ہی ایسی خبروں سے آگاہ ہو رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس بارے میں نہ کوئی مشاورت ہوئی ہے اور نہ کوئی باضابطہ پیش رفت۔

مزیدخبریں