پشاور ہائیکورٹ نے قومی اسمبلی اور سینٹ میں اپوزیشن لیڈرز کی تعیناتی روک دی

02:59 PM, 12 Aug, 2025

پشاور : پشاور ہائیکورٹ نے قومی اسمبلی اور سینٹ میں نئے اپوزیشن لیڈرز کی تقرری روک دی ہے۔ یہ فیصلہ عمر ایوب اور شبلی فراز کو الیکشن کمیشن کی جانب سے ڈی نوٹی فائی کرنے کے خلاف دائر درخواست کی سماعت کے دوران کیا گیا۔

دو رکنی بینچ نے الیکشن کمیشن کو ان کے خلاف مزید کارروائی سے روک دیا ہے اور اس کیس کی مزید سماعت 15 اگست تک ملتوی کر دی ہے۔ عدالت نے الیکشن کمیشن اور دیگر فریقین کو نوٹس بھی جاری کر کے جواب طلب کر لیا ہے۔

درخواست گزار کے وکیل بیرسٹر گوہر نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے آرٹیکل 63(2) کی غلط تشریح کی ہے اور سید یوسف رضا گیلانی کے کیس کو غلط طریقے سے اس معاملے سے جوڑا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے 190 سیٹیں جیتی تھیں لیکن اب صرف 77 اراکین بچے ہیں، اس لیے اس معاملے کو دوبارہ غور سے دیکھنے کی ضرورت ہے۔

عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کو مزید کارروائی سے روک دیا اور معاملے کی سماعت 15 اگست تک ملتوی کر دی۔

مزیدخبریں