ہونہار سکالرشپ نوجوانوں کے خواب پورے کر رہا ہے، مریم نواز شریف

12:35 PM, 12 Aug, 2025

لاہور :  وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نوجوانوں کے خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے، اور ہونہار سکالرشپ پروگرام ان ہی کوششوں کا ایک اہم حصہ ہے۔

نوجوانوں کے عالمی دن پر اپنے خصوصی پیغام میں مریم نواز نے کہا کہ نوجوان قوم کا روشن مستقبل ہیں اور ہمیں اپنے نوجوانوں پر فخر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت نوجوانوں کو تعلیم، ہنر، روزگار اور صحت مند سرگرمیوں کے لیے بہترین مواقع فراہم کر رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ سی ایم پنجاب لیپ ٹاپ سکیم کے تحت ہزاروں طالبعلم جدید ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھا رہے ہیں، جبکہ کھیلتا پنجاب پروگرام نوجوانوں کو کھیلوں اور مثبت سرگرمیوں میں حصہ لینے کا موقع دے رہا ہے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ ای-بائیکس سکیم سے طلبہ کو باعزت اور خودمختار سفر کی سہولت دی گئی ہے، جبکہ آئی ٹی ٹریننگ پروگرام نوجوانوں کو صرف نوکری تلاش کرنے کے قابل نہیں بلکہ خود روزگار پیدا کرنے کی اہلیت بھی دے رہا ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ مریم نواز کلینکس میں نوجوان میڈیکل گریجویٹس عوامی خدمت کا جذبہ لے کر کام کر رہے ہیں، جبکہ آسان کاروبار کارڈ اور فنانس سکیم کے ذریعے نوجوانوں کو مالی طور پر مستحکم بنایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ انٹرن شپ پروگرامز کے ذریعے نوجوانوں کو سرکاری اداروں میں کام سیکھنے اور مہارت حاصل کرنے کے مواقع دیے جا رہے ہیں۔ آخر میں ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کی کامیابی ہی حکومت کی سب سے بڑی خوشی ہے۔ 

مزیدخبریں