ژوب: سیکیورٹی فورسز کا کامیاب آپریشن، 3 بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد ہلاک

09:58 AM, 12 Aug, 2025

راولپنڈی : بلوچستان کے ضلع ژوب کے علاقے سمبازہ میں سیکیورٹی فورسز نے انسداد دہشت گردی کے سلسلے میں اہم کارروائی کرتے ہوئے مزید 3 بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ یہ آپریشن 7 اگست سے جاری ہے اور اب تک مجموعی طور پر 50 دہشت گرد مارے جا چکے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، سیکیورٹی فورسز نے پہلے مرحلے میں افغانستان سے پاکستان داخل ہونے کی کوشش کو ناکام بنایا، جس دوران 33 دہشت گرد ہلاک کیے گئے۔ اگلے روز علاقے میں سرچ اور کلیئرنس آپریشن کے دوران مزید 14 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا، جب کہ تیسرے مرحلے میں سمبازہ کے قریب کارروائی کے دوران 3 بھارتی سپانسرڈ دہشت گرد مارے گئے۔

آپریشن کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا ہے۔

فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز ہر قیمت پر ملک کی سرحدوں کا دفاع کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔ ترجمان کے مطابق دشمن کی جانب سے امن و امان خراب کرنے کی ہر کوشش ناکام بنا دی جائے گی۔ ژوب اور اطراف کے علاقوں میں کلیئرنس آپریشن بدستور جاری ہے تاکہ علاقے کو مکمل طور پر محفوظ بنایا جا سکے۔

مزیدخبریں