اسلام آباد : امریکہ کے نائب صدر جے ڈی وینس ایران کے ساتھ 24 گھنٹے طویل مذاکراتی عمل میں شرکت کے بعد نور خان ایئر بیس سے وطن واپس روانہ ہو گئے ہیں۔ روانگی سے قبل اپنے الوداعی بیان میں انہوں نے پاکستانی قیادت کے مصالحتی کردار کی بھرپور تعریف کی۔
جے ڈی وینس نے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے بہترین میزبانی کی اور دونوں ممالک کو معاہدے تک پہنچانے کے لیے انتھک محنت کی۔
ثالثی کی تعریف: امریکی نائب صدر کا کہنا تھا کہ، "پاکستانی قیادت نے ایک مخلص ثالث کا کردار ادا کیا اور معاہدے کے لیے بہت کوششیں کیں، ہم ان کی ان کاوشوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔"
ایئرپورٹ پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے معزز مہمان کو رخصت کیا۔
اگرچہ امریکہ اور ایران کسی حتمی ڈیل تک نہیں پہنچ سکے، لیکن نائب صدر جے ڈی وینس کا پاکستانی قیادت کی کوششوں کو سراہنا اس بات کا ثبوت ہے کہ عالمی سطح پر پاکستان کے سفارتی قد کاٹھ میں اضافہ ہوا ہے۔ امریکی وفد کی واپسی کے وقت وزیر داخلہ محسن نقوی اور دیگر اعلیٰ حکام کی موجودگی نے اس دورے کی اہمیت کو مزید اجاگر کیا۔