ایران نے اسلام آباد مذاکرات کو بامقصد قرار دے دیا، سفارت کاری جاری رکھنے کا عزم

11:28 AM, 12 Apr, 2026

تہران :ایرانی دفترِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے اسلام آباد میں ہونے والے امریکہ-ایران مذاکرات پر تفصیلی بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ فریقین کے درمیان بات چیت کا دروازہ ابھی کھلا ہے اور متعدد اہم نکات پر اتفاقِ رائے پیدا ہو چکا ہے۔
 اسماعیل بقائی نے واضح کیا کہ 24 گھنٹے طویل مذاکراتی عمل میں کئی دور ہوئے جن میں بہت سے امور پر اتفاق ہوا، تاہم دو کلیدی مسائل پر ڈیڈ لاک کی وجہ سے معاہدہ نہ ہو سکا۔ ترجمان نے بتایا کہ مذاکرات کی میز پر آبنائے ہرمز، جوہری پروگرام، پابندیوں کا خاتمہ اور جنگی نقصانات کے ازالے جیسے سنگین موضوعات رہے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ بات چیت کے دوران حالات کی پیچیدگی کے پیشِ نظر کچھ نئے موضوعات بھی شامل کیے گئے، جن پر مزید غور کی ضرورت ہے۔
 ایران نے مذاکرات کی میزبانی پر پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے سہولت کارانہ کردار کو سراہا۔ترجمان اسماعیل بقائی کا کہنا تھا ہمیں پہلے سے اندازہ تھا کہ اتنے پیچیدہ مسائل ایک ہی ملاقات میں حل نہیں ہوں گے، لیکن ہم سفارتی محاذ پر اپنے حقوق کے حصول کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے۔ خطے کے دوست ممالک، خصوصاً پاکستان کے ساتھ مشاورت جاری رہے گی۔

مزیدخبریں