پاکستان امن کی فاختہ 

09:26 AM, 12 Apr, 2026

جب ہم کہتے کہ وہ دن آئے گا جب دنیاکے فیصلے پاکستان میں ہوں گے تونہ صرف لوگ ہنستے بلکہ اکثر نادانوں کویہ باتیں عجیب لگتی تھیں۔اللہ کی شان دیکھیں وہ پاکستان جوکسی کھاتے میں شمارنہ ہوتا تھاوہ آج دنیاکامحسن اوردوعالمی فریقوں کا ثالث بن کرسامنے آچکاہے ۔فارس سے خلیج اورامریکہ سے اسرائیل تک ہرطرف پاکستان کی گونج اورسبزہلالی پرچم کی بلندی کودیکھ کرواللہ دل خوشی سے مچلنے لگتاہے۔تیسری عالمی جنگ کے لئے بھڑکنے والی آگ پرپانی پھیرکرقائدکے پاکستان نے وہ عظیم کارنامہ سرانجام دے دیاہے دنیاجس کواب کبھی بھول نہیں پائے گی۔امریکہ ایران جنگ بندی کے ذریعے آبنائے ہرمزکی بندش سے آخری ہچکیاں لینے والی عالمی معیشت کوپھرسے زندہ کرنااورہزاروں نہیں بلکہ لاکھوں لوگوں کوموت کے منہ سے باہر نکالنا یہ کوئی عام اور معمولی بات نہیں۔اسی لئے تو سبزہلالی پرچم سے جلنے والوں کی چیخیں آسمان کوپہنچ رہی ہیں۔ بے شک عزت اورذلت میرے رب کے ہاتھ میں ہے وہ جسے چاہے عزت دے اورجسے چاہے ذلیل کر دے۔ کسی نے سوچابھی نہ تھاکہ وہ پاکستان جسے عالمی استعمارمنظرسے ہٹانے پرتلے ہوئے ہیںوہ پاکستان امن کاجھنڈالہرائے اس طرح عالمی توجہ کامرکزومحوربنے گا۔بھارت سمیت وہ تمام دشمن قوتیں جوپاکستان کوناکام ودہشتگرد ریاست کے طورپرپیش کرکے ذلت دینے پربضدتھیں وہ سب منہ دیکھتی رہ گئیں اوراللہ پاک نے پاک ایران جنگ وتنازعہ میں پاکستان کوایساسرخروکردیاکہ اب مغرب سے مشرق اورشمال سے جنوب تک پاکستان کے نام کاڈنکابج رہاہے۔کل تک جس پاکستان کوبم دھماکوں،خودکش حملوں،دہشتگردی،انتہاءپسندی اوربدامنی سے منسوب کیاجاتاتھااب اسی پاکستان کے سرامن کاجھنڈالہرارہاہے۔ مشرق وسطیٰ میں بھڑکتی آگ کوبجھانے اورخونریزتصادم کوروکنے میں پاکستان نے سفارتی سطح پر جو کردار ادا کیا ہے وہ کردارنہ صرف ہندوستان بلکہ ان تمام ممالک ،قوتوں اورلوگوں کے لئے ناگہانی موت ہے جو پاکستان کو ایک دہشت گرد اور انتہا پسند ریاست ثابت کرنے کے لئے ایڑی چوٹی کا ہر زور لگا رہے تھے۔ یہ تو پاکستان کو ڈبونا اور بدنام کرنا چاہتے تھے لیکن رب کوکچھ اورمنظورتھا۔اس لئے اس تاریخی موقع پرپاکستان کے ان بدخواہوں کی اداسی قابل فہم ہے۔ خود اندازہ لگائیں ایک ایسے وقت میں جب پوری دنیاپاکستان کی معترف اورہرامن پسندشخص پاکستان کے مثبت اورتاریخی کردار کا دل وجان سے اعتراف کرکے پاکستان کا شکریہ اداکررہاہے یہ بدبخت اس اہم موقع پربھی پاکستان کے خلاف چیخیں مارنے اور سازشیں کرنے سے بازنہیں آرہے۔ پاکستان کے حوالے سے ان کے خواب کسی اور نقشے کی تعبیر چاہتے تھے لیکن رب نے پاکستان کوعالمی سطح پرسرخروکرکے ان کے سارے خواب چکنا چور کر دیئے ہیں۔مشرق وسطیٰ کی فضائیں، کویت کے ساحل، عمان کی بندرگاہیں اورایران وعرب کی گلیاں اس وقت سب پاکستان کے احسان تلے دبے ہوئے ہیں۔ امریکہ اورایران کے درمیان اڑنے والی امن کی یہ فاختائیں اورفضائیں اب چیخ چیخ کر کہہ کررہی ہیں کہ پاکستان کے بارے میں آج تک جوکچھ کہتااورمشہورکیاجاتارہاوہ نہ صرف غلط بلکہ بہت غلط تھا۔ دنیا کو جہنم کے دہانے سے کسی اورنے نہیں بلکہ وہی پاکستان نے واپس لایا، پاکستان کوہمیشہ بدامنی، دہشتگردی اورانتہا پسندی سمیت سفارتی تنہائی کے طعنے دیئے گئے۔ اسی پاکستان نے دنیا میں امن کے لئے وہ کام کیا جو پاکستان پر چیخنے اور بھونکنے والوں کی سوچ سے بھی باہر ہے۔ وہ جس نے اٹھتے بیٹھتے پاکستان کو دہشتگردکہا،ہمیں انتہا پسندی اور بدامن ہونے کے طعنے دیئے وہ اب بتائیں ناکہ دنیا میں امن کا جھنڈالہرانے والا کون ہے۔؟ پاکستان اگر دہشت گرد اور انتہا پسند ہوتا تو کیا وہ مشرق میں لگنے اوربھڑکنے والی آگ کو اس طرح بجھاتا۔؟ کہاں مغرب اور کہاں مشرق پاکستان کا تو اس جنگ اور تنازع سے براہ راست کوئی تعلق اور واسطہ بھی نہیں تھاپھربھی پاکستان صرف اس مقصدکے لئے مذاکراتی وثالثی میدان میں کودا کہ دنیاکاامن تباہ نہ ہو۔ پاکستان بھی دوسروں کی طرح اگرمنہ پر رام رام اوربغل میں چھری رکھتا تو آج مشرق وسطیٰ میں امن کے بجائے تباہی اور بربادی کے شعلے اٹھ رہے ہوتے۔ کوئی چیخے یاچلائے لیکن اٹل حقیقت اورسرخ سچ یہی ہے کہ پاکستان نے دو قوتوں کو آخری ٹکرا¶ سے بچاکرنہ صرف خلیج کے کناروں بسے کئی ممالک کو تباہی سے بلکہ ہزاروں ولاکھوں انسانوں کوجنگ کایندھن بننے سے بھی بچا لیا ہے۔ امریکہ ایران تنازعہ میں پاکستان نے وہ کام کیاجس کاکوئی سوچ بھی نہیں سکتا۔ اس تنازع میں پاکستان کی سفارتی کوششوں، صبر، تحمل، برداشت اورجدوجہدنے دنیا پریہ بات ثابت کردی ہے کہ پاکستان دہشت گردی وانتہاءپسندی کاملک نہیں بلکہ امن کی وہ فاختہ ہے جس کی اڑان سے مشرق سے مغرب اور شمال سے جنوب تک امن کی فضائیں پھوٹ رہی ہیں۔ دنیا کو تباہی کے دہانے سے واپس اور جنگ کاایندھن بنانے سے بچانے پراب ان قوتوں اور لوگوں کوچلوبھرپانی میں ڈوب کر مرنا چاہئے جن کی ساری زندگی پاکستان کوانتہا پسند ریاست بنانے میں گزری۔رب کے فیصلے بھی کتنے عظیم ہیں کہ دشمن جس پاکستان کوناکام وبدنام ریاست بنانے پرتلے ہوئے تھے رب نے اسی ریاست کوامن کے ماتھے کا جھومربنادیا۔آج دنیا پاکستان کوشدت پسندی، انتہا پسندی اور دہشت گردی کی نظرسے نہیں بلکہ امن کے طور پر دیکھ رہی ہے۔ خدا کرے کہ قائدکے پاکستان کی کامیابیوں اور کامرانیوں کایہ سفراسی طرح جاری وساری رہے اور اس پاک مٹی کے دشمنوں اوربدخواہوں کو ہمیشہ اسی طرح منہ کی کھانی پڑے۔ 

مزیدخبریں