سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان میں شدید گرمی کی لہر کا امکان، ہیٹ ویو الرٹ جاری

07:42 PM, 12 Apr, 2025

اسلام آباد: آئندہ چند روز کے دوران ملک کے بیشتر حصوں میں شدید گرمی کی نئی لہر متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات نے شہریوں کو خبردار کرتے ہوئے ہیٹ ویو الرٹ جاری کر دیا ہے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 14 اپریل سے سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان کے علاقوں میں گرمی کی شدت میں نمایاں اضافہ ہوگا، جہاں درجہ حرارت غیر معمولی حد تک بڑھنے کا امکان ہے۔


محکمہ موسمیات نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ دن کے گرم ترین اوقات یعنی صبح 9 بجے سے شام 4 بجے کے دوران غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کریں۔ دھوپ سے بچاؤ کے لیے ہلکے رنگ کے کپڑے، ٹوپی، سن گلاسز اور چھتری کا استعمال کریں۔

خود کو ہائیڈریٹ رکھنا نہایت ضروری ہے، اس لیے مناسب مقدار میں پانی اور تازہ جوس پینے کی ترغیب دی گئی ہے، چاہے پیاس محسوس نہ بھی ہو۔


شدید گرمی میں جسمانی سرگرمیوں سے بچیں، خصوصاً دھوپ میں ورزش کرنے سے گریز کریں۔ کسی کو بھی بند گاڑی میں نہ چھوڑیں اور کیفین والے مشروبات جیسے چائے اور کافی سے پرہیز کریں کیونکہ یہ جسم میں پانی کی سطح کم کر سکتے ہیں۔

ماہرین صحت اور محکمہ موسمیات کی جانب سے شہریوں کو تلقین کی گئی ہے کہ وہ اس ممکنہ ہیٹ ویو کے دوران خصوصی احتیاط برتیں تاکہ گرمی کے مضر اثرات سے محفوظ رہا جا سکے۔

مزیدخبریں