پی ایس ایل 10: اسلام آباد کی لاجواب کارکردگی، لاہور پر 8 وکٹوں سے شکست

12:21 AM, 12 Apr, 2025

راولپنڈی : پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دسویں ایڈیشن کے افتتاحی مقابلے میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کولن منرو کی ناقابل شکست نصف سنچری اور عمدہ بولنگ کے باعث لاہور قلندرز کو باآسانی 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، جو ان کے حق میں ثابت ہوا۔ لاہور قلندرز کی بیٹنگ لائن دباؤ کا شکار ہوئی اور پوری ٹیم 19.2 اوورز میں 139 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

قلندرز کی جانب سے صرف عبداللہ شفیق ہی نمایاں بیٹنگ کر سکے، جنہوں نے 38 گیندوں پر 66 رنز کی دلکش اننگز کھیلی۔ دیگر بلے بازوں میں فخر زمان، سیم بلنگز، اور ڈیوڈ ویزے بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے، جب کہ ڈیرل مچل نے 13، سکندر رضا نے 23، شاہین شاہ آفریدی نے 2 اور حارث رؤف نے 10 رنز اسکور کیے۔ آصف آفریدی 2 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

اسلام آباد کی بولنگ میں جیسن ہولڈر سب سے کامیاب رہے، جنہوں نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ شاداب خان نے 3، جب کہ نسیم شاہ، ریلے میریڈتھ اور عماد وسیم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

جواب میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ہدف 17 ویں اوور میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ کولن منرو نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔

پی ایس ایل 10 کا یہ افتتاحی میچ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا گیا، جہاں کل 11 میچز ہوں گے۔ لاہور کا قذافی اسٹیڈیم 13 میچز سمیت 18 مئی کو فائنل کی بھی میزبانی کرے گا۔ کراچی اور ملتان میں 5، 5 میچز ہوں گے، جب کہ پشاور میں 8 اپریل کو ایک نمائشی میچ رکھا گیا ہے۔

یہ ایونٹ 11 اپریل سے 18 مئی تک جاری رہے گا، جس میں مجموعی طور پر 34 میچز اور 6 ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں۔

 

مزیدخبریں