طاہر اشرفی کے امن و مفاہمت کے کردار کا عالمی اعتراف

08:58 PM, 11 Sep, 2026

لندن: پاکستان علما کونسل کے چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کو مذہبی ہم آہنگی، امن اور مفاہمت کے لیے خدمات کے اعتراف میں ہیوبرٹ والٹر ایوارڈ فار ریکنسیلی ایشن اینڈ انٹرفیتھ کوآپریشن 2026 سے نواز دیا گیا۔

 لندن کے تاریخی لیمبتھ پیلس میں منعقدہ تقریب میں آرچ بشپ آف کینٹربری سارہ مُلالی نے حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کو ایوارڈ پیش کیا۔ یہ اعزاز بین المذاہب تعاون اور مختلف مذہبی و مسلکی طبقات کے درمیان مفاہمت کے فروغ کے لیے نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات کو دیا جاتا ہے۔

 حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کی امن، اعتدال اور بین المذاہب ہم آہنگی کے لیے کئی دہائیوں پر محیط خدمات کو ایوارڈ کے لیے انتخاب کی بنیادی وجہ قرار دیا گیا۔ وہ مذہبی مکالمے کے فروغ، اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ، پُرامن بقائے باہمی اور انتہاپسندی و فرقہ وارانہ تشدد کے خلاف آواز بلند کرتے رہے ہیں۔

 لیمبتھ ایوارڈز کے تحت دیا جانے والا ہیوبرٹ والٹر ایوارڈ مفاہمت اور بین المذاہب تعاون کے میدان میں نمایاں کردار ادا کرنے والی شخصیات کی خدمات کا اعتراف ہے۔ رواں سال حافظ محمد طاہر محمود اشرفی بھی ان شخصیات میں شامل ہیں جنہیں مختلف شعبوں میں خدمات کے اعتراف میں لیمبتھ ایوارڈز کے لیے منتخب کیا گیا۔

 حافظ محمد طاہر محمود اشرفی اس سے قبل او آئی سی گلوبل پیس ایوارڈ بھی حاصل کر چکے ہیں۔ ان کے علاوہ وہ مسلم ورلڈ لیگ کی سپریم کونسل کے رکن، انٹرنیشنل تنظیم حرمین شریفین کونسل کے سیکرٹری جنرل اور انٹرنیشنل مسلم فورم کے رکن کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دے رہے ہیں۔

 ان کے لیے ہیوبرٹ والٹر ایوارڈ کا حصول بین المذاہب مکالمے، مذہبی سفارت کاری اور عالمی سطح پر امن و مفاہمت کے لیے پاکستان سے ہونے والی کوششوں کے اعتراف کے طور پر بھی دیکھا جا رہا ہے۔

مزیدخبریں