شہباز شریف کا لوڈ شیڈنگ پر اظہار برہمی، کسی علاقے میں 2 گھنٹے سے زائد بجلی بند نہ کرنے کی ہدایت

07:04 PM, 11 Sep, 2026

اسلام آباد:وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملک کے مختلف علاقوں میں بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ کا نوٹس لیتے ہوئے کسی بھی علاقے میں دو گھنٹے سے زائد لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کی ہدایت کردی۔

 وزیراعظم کی زیر صدارت بجلی کے لوڈ مینجمنٹ سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں ملک میں بجلی کی پیداوار، طلب و رسد اور لوڈ شیڈنگ کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ خطے کی موجودہ صورتحال، آبنائے ہرمز میں کشیدگی اور ترسیلی مشکلات کے باعث آر ایل این جی کی فراہمی متاثر ہونے سے بجلی کی پیداوار میں کمی ہوئی ہے۔

 وزیراعظم نے آر ایل این جی کی ترسیل میں تعطل سے نمٹنے کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تمام دستیاب وسائل کو مؤثر انداز میں بروئے کار لایا جائے تاکہ کسی بھی علاقے میں دو گھنٹے سے زیادہ لوڈ شیڈنگ نہ ہو۔

 شہباز شریف نے بجلی کی ترسیل اور دیگر مسائل سے متعلق عوامی شکایات کے ازالے کے لیے ڈسکوز کی سطح پر کنزیومر گریوینس ریڈریسل کمیٹیاں قائم کرنے کی بھی ہدایت کردی۔ وزیراعظم نے کہا کہ شکایات کے ازالے کے لیے قائم کمیٹیوں میں عوامی نمائندگی شامل کی جائے اور انہیں ایک ہفتے کے اندر فعال کیا جائے۔
 اجلاس کو بتایا گیا کہ بجلی صارفین ہیلپ لائن 118 کے ذریعے اپنی شکایات درج کرا سکتے ہیں، جبکہ شکایت درج ہونے پر صارف کو ٹوکن نمبر اور ازالے کا متوقع وقت بھی بتایا جاتا ہے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ ضلع راجن پور کے چھ بجلی صارفین کے علاوہ ملک بھر میں مون سون بارشوں کے باعث کسی صارف کی بجلی متاثر نہیں ہے۔
 اجلاس میں وفاقی وزراء احسن اقبال، احد خان چیمہ، مصدق ملک، عطاء اللہ تارڑ، علی پرویز ملک، سردار اویس لغاری، مشیر وزیراعظم رانا ثناء اللہ، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

مزیدخبریں