ملک بھر میں بارشوں کی پیشگوئی، 17 ستمبر تک موسم خراب رہنے کا امکان

05:41 PM, 11 Sep, 2026

لاہور: ملک کے مختلف علاقوں میں آئندہ چند روز کے دوران بارشوں کا امکان ہے، محکمہ موسمیات نے بارشوں کا سلسلہ 17 ستمبر تک جاری رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون کی ہوائیں بالائی علاقوں کا رخ کررہی ہیں، جس کے باعث کئی مقامات پر آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔

اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، جہلم اور چکوال میں بارش متوقع ہے، جبکہ بعض علاقوں میں تیز بارش کے ساتھ ژالہ باری بھی ہونے کا امکان ہے۔ آزاد کشمیر کے وادی نیلم، مظفرآباد، راولاکوٹ اور دیگر علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کی توقع ہے۔ گلگت بلتستان کے مختلف مقامات پر بھی 17 ستمبر تک گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔

پنجاب کے مختلف اضلاع میں 14 سے 17 ستمبر کے دوران موسم ابرآلود رہنے اور بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ لاہور، سیالکوٹ، شیخوپورہ، نارووال، گجرات، گوجرانوالہ، وزیرآباد، قصور، اوکاڑہ اور ننکانہ صاحب سمیت کئی علاقوں میں بارش متوقع ہے، جبکہ بعض مقامات پر شدید بارش اور ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے۔

خیبرپختونخوا میں بھی موسم کی صورتحال تبدیل ہونے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور، دیر، چترال، سوات، ملاکنڈ، مردان، نوشہرہ، چارسدہ، صوابی، شانگلہ، بٹگرام، بونیر اور کوہاٹ میں 17 ستمبر تک وقفے وقفے سے بارش ہوسکتی ہے۔

سندھ کے مختلف علاقوں میں 13 سے 16 ستمبر کے دوران بارش متوقع ہے۔ سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، میرپورخاص اور تھرپارکر میں بارش کا امکان ہے، جبکہ عمرکوٹ، بدین، کراچی اور گردونواح میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔

بلوچستان میں بھی بعض علاقوں میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ ژوب، بارکھان، موسیٰ خیل اور ملحقہ علاقوں میں 13 سے 16 ستمبر کے دوران بارش ہونے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے بارشوں کے ممکنہ اثرات کے حوالے سے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، فیصل آباد اور لاہور کے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور اربن فلڈنگ کا خطرہ موجود ہے۔

اس کے علاوہ خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں، گلگت بلتستان، مری، گلیات اور کشمیر میں بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

مزیدخبریں