27 ستمبر کا احتجاج، اپوزیشن نے سیاسی رابطے بڑھانے کا فیصلہ کرلیا، آل پارٹیز کانفرنس جلد بلانے پر غور

05:20 PM, 11 Sep, 2026

اسلام آباد:27 ستمبر کے احتجاج کے حوالے سے اپوزیشن جماعتوں نے سیاسی رابطے بڑھانے کا فیصلہ کرلیا، جبکہ ملکی حالات کے پیش نظر جلد آل پارٹیز کانفرنس بلانے پر بھی غور کیا گیا۔

 محمود خان اچکزئی کی زیرِ صدارت اپوزیشن رہنماؤں کا اہم اجلاس ہوا، جس میں بیرسٹر گوہر خان، بیرسٹر سلمان اکرم راجا، اسد قیصر اور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔ اجلاس میں 27 ستمبر کے احتجاج کی تیاریوں اور آئندہ کی حکمت عملی پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔

 ذرائع کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اپوزیشن جماعتیں احتجاج کے معاملے پر دیگر سیاسی جماعتوں سے رابطے کریں گی، جبکہ تمام جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر لانے کے لیے آل پارٹیز کانفرنس بلائی جائے گی۔

 ذرائع کا کہنا ہے کہ محمود خان اچکزئی اور علامہ راجا ناصر عباس نے تحریک انصاف کو 27 ستمبر کے احتجاج کے لیے بھرپور تیاری کی ہدایت کی۔ 15 ستمبر کو تحریک تحفظ آئین کے اجلاس کی تیاریوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔

 اجلاس میں حافظ نعیم الرحمان کی جانب سے پٹرولیم لیوی کے خاتمے کے لیے تعاون کی درخواست پر بھی غور کیا گیا۔

 دوسری جانب اپوزیشن لیڈر نے وزیراعظم کے خط کا جواب دے دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اپوزیشن لیڈر نے وزیراعظم سے مشاورت کے لیے ملاقات کا وقت مانگ لیا ہے۔

مزیدخبریں