پاکستان ہاکی کے سابق کپتان اولمپیئن خالد محمود دنیا سے رخصت ہوگئے

08:51 AM, 11 Sep, 2026

لاہور :پاکستان ہاکی کے سابق کپتان اور اولمپیئن خالد محمود طویل عرصے سے علالت کے بعد 75 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔ ان کے انتقال کی خبر سامنے آنے کے بعد ہاکی سے وابستہ حلقوں میں سوگ کی فضا پیدا ہوگئی۔

خالد محمود نے بطور کھلاڑی قومی ہاکی ٹیم کی نمائندگی کرنے کے ساتھ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری اور قومی ٹیم کے منیجر کی حیثیت سے بھی ذمہ داریاں نبھائیں۔

جہلم میں 28 دسمبر 1941 کو پیدا ہونے والے خالد محمود رائٹ آؤٹ کے طور پر میدان میں اترتے تھے۔ ان کے بین الاقوامی کیریئر کا نمایاں پہلو 1964 کے ٹوکیو اولمپکس میں پاکستان کی جانب سے سلور میڈل حاصل کرنا تھا۔

وہ 1966 کے ایشین گیمز میں چاندی کا تمغہ جیتنے والی پاکستانی ٹیم کا حصہ رہے، جبکہ 1968 کے میکسیکو اولمپکس میں طلائی تمغہ حاصل کرنے والی قومی ٹیم میں بھی شامل تھے۔

قومی ہاکی کے سابق کھلاڑی نے 1970 کے بینکاک ایشین گیمز میں بھی پاکستان کی نمائندگی کی، جہاں قومی ٹیم نے گولڈ میڈل اپنے نام کیا۔

خالد محمود کے انتقال پر سابق اولمپیئنز اور ہاکی سے وابستہ شخصیات نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے مرحوم کی قومی ہاکی کے لیے طویل خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ کھیل کے لیے ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

مزیدخبریں