ہیڈ پنجند اور گڈو بیراج پر پانی کا بہاؤ تیز، دیگر دریاؤں میں صورتحال قابو میں: چیئرمین این ڈی ایم اے

09:17 PM, 11 Sep, 2025

اسلام آباد : نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے اعلان کیا ہے کہ مون سون کی بارشیں آئندہ دو سے تین دن تک جاری رہیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ ہیڈ پنجند اور گڈو بیراج پر پانی کا بہاؤ تیز ہے، مگر ستلج، راوی اور چناب میں صورتحال قابو میں ہے۔

وفاقی وزیر مصدق ملک کے ہمراہ بریفنگ میں، چیئرمین این ڈی ایم اے نے بتایا کہ پنجاب میں 24 لاکھ اور سندھ میں ڈیڑھ لاکھ سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔ امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور پنجاب کو حکومت کی جانب سے 9 ہزار ٹینٹ اور 9 ہزار ٹن سے زائد راشن فراہم کیا گیا ہے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ 16 سے 18 ستمبر کے دوران وسطی پنجاب اور آزاد کشمیر میں مزید بارشیں متوقع ہیں۔ موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے گلیشیئرز تیزی سے پگھل رہے ہیں، جو سیلاب کے خطرے کو بڑھا رہا ہے۔

وفاقی وزیر مصدق ملک نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں نے دنیا کو بدل کر رکھ دیا ہے، اور وزیراعظم نے ملک میں موسمیاتی ایمرجنسی نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ سیالکوٹ اور نارووال میں بارش سے شدید تباہی ہوئی ہے جبکہ سندھ میں سیلاب سے نمٹنے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔

وزیر نے بتایا کہ سیلاب اور بارشوں کے باعث اب تک 900 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ متاثرین کی مدد اور بچوں کے مستقبل کے تحفظ کے لیے تمام اداروں کو متحد ہو کر کام کرنا ہوگا۔

مزیدخبریں