اسلام آباد: صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے قائداعظم محمد علی جناح کے 77ویں یوم وفات پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا اور قوم کو ان کے اصولوں پر عمل کرنے کی تلقین کی۔
صدر نے کہا کہ قائداعظم نے نہ صرف مسلمانوں کے لیے ایک آزاد ملک بنایا بلکہ انہیں عزت اور شناخت بھی دی۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم کا خواب تھا کہ پاکستان میں ہر شخص کو برابر حقوق ملیں، چاہے وہ کسی بھی مذہب یا ذات سے تعلق رکھتا ہو۔ بھارت میں اقلیتوں کے ساتھ بدسلوکی کی مثال دیتے ہوئے صدر نے کہا کہ پاکستان کا قیام ناگزیر تھا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ قائداعظم کی قیادت کی وجہ سے مسلمانوں کو ایک آزاد وطن ملا، جو دنیا کی پہلی نظریاتی اسلامی ریاست ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم کا پاکستان مذہبی آزادی، مساوات، جمہوریت اور اقلیتوں کے تحفظ پر مبنی تھا، اور یہی اصول آج بھی ملک کی ترقی کی کنجی ہیں۔