رجب بٹ کا فاطمہ خان کے خلاف قانونی کارروائی کا اعلان، جھوٹے الزامات کو بے بنیاد قرار دیا

07:13 PM, 11 Oct, 2025

کراچی: معروف پاکستانی یوٹیوبر رجب بٹ نے ٹک ٹاک اسٹار فاطمہ خان کی جانب سے ہراسانی اور دھوکہ دہی کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے ان کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ دائر کرنے کا اعلان کیا ہے۔

رجب بٹ نے اپنے تازہ بیان میں کہا کہ وہ فاطمہ خان کی جھوٹی الزامات سے تنگ آ چکے ہیں اور اب وہ ان الزامات کا قانونی جواب دیں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ فاطمہ خان کی جانب سے لگائے گئے الزامات بدنیتی پر مبنی ہیں اور ان کے پیچھے ذاتی مفاد کارفرما ہے۔

یوٹیوبر نے مزید وضاحت کی کہ ان کی اہلیہ ایمان ان پر مکمل اعتماد رکھتی ہیں اور یہ معاملہ وہ اپنے خاندان میں عزت اور سکون کے ساتھ حل کرنا چاہتے ہیں۔ ایک حالیہ پوڈکاسٹ میں رجب بٹ نے یہ بھی کہا کہ وہ کبھی فاطمہ خان کے ساتھ رومانوی تعلقات میں نہیں رہے اور نہ ہی انہیں کوئی قیمتی تحفے دیے۔

رجب بٹ نے اپنے خلاف توہینِ مذہب کے الزامات کو بھی پروپیگنڈا قرار دیا اور انکشاف کیا کہ انہیں جان سے مارنے کی دھمکیاں ملنے کے بعد وہ کچھ عرصے کے لیے ملک چھوڑنے پر مجبور ہوئے، لیکن انہوں نے یہ واضح کیا کہ وہ جلد پاکستان واپس آئیں گے کیونکہ ان کا دل ہمیشہ اپنے وطن کے ساتھ ہے۔

ذرائع کے مطابق، رجب بٹ کے خلاف نیشنل کرائم اینڈ سائبر انویسٹی گیشن ایجنسی نے غیر قانونی جوا ایپس کی تشہیر کے الزامات میں مقدمہ درج کیا ہے۔ ان پر الزام ہے کہ وہ ان ایپس کے برانڈ ایمبیسیڈر کے طور پر یوٹیوب، ٹک ٹاک اور انسٹاگرام پر ان کی تشہیر کرتے رہے ہیں۔

یہ مقدمہ الیکٹرانک کرائمز ایکٹ اور پاکستان پینل کوڈ کے تحت درج کیا گیا ہے کیونکہ رجب بٹ انکوائری کے لیے طلب کیے جانے کے باوجود پیش نہیں ہوئے۔
 
 

مزیدخبریں