پہلا ون ڈے : پاکستان کا سری لنکا کو 300 رنز کا ہدف

07:05 PM, 11 Nov, 2025

راولپنڈی: پاکستان نے سری لنکا کے خلاف تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے ابتدائی ڈی/این میچ میں شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 299 رنز کا مجموعہ اکٹھا کیا۔

سری لنکا نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستانی اوپنرز کو محتاط آغاز ملا، جس میں سائم ایوب 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جب کہ فخر زمان 32 رنز بنا کر پویلین واپس لوٹ گئے۔

پاکستان کے کپتان بابر اعظم 29 رنز پر وانندو ہسارنگا کی گیند پر بولڈ ہوئے، جبکہ وکٹ کیپر محمد رضوان صرف 5 رنز بنا کر میدان سے باہر چلے گئے۔

ابتدائی نقصان کے بعد مڈل آرڈر کے کھلاڑی آغا سلمان اور حسین طلعت نے شاندار شراکت داری قائم کی۔ دونوں نے پانچویں وکٹ کے لیے 138 رنز کی شراکت داری کی، جس میں آغا سلمان نے 87 گیندوں پر 105 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جس میں 9 چوکے شامل تھے۔ حسین طلعت نے 63 گیندوں پر 62 رنز بنائے۔

میچ کے اختتامی لمحات میں محمد نواز نے 23 گیندوں پر 36 رنز کی تیز اننگز کھیل کر ٹیم کا مجموعہ 299 تک پہنچایا۔

سری لنکا کی جانب سے وانندو ہسارنگا نے 10 اوورز میں 54 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ اسیٹھا فرنینڈو اور مہیش تھیگشنا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان کی رن ریٹ 5.98 رہی اور آخری پانچ اوورز میں 53 رنز کا اضافہ ہوا۔

مزیدخبریں