قومی اسمبلی کا اجلاس آج صبح 11 بجے ہوگا، 27ویں آئینی ترمیم اور دیگر بلوں پر بحث متوقع

10:33 AM, 11 Nov, 2025

اسلام آباد :  27ویں آئینی ترمیم آج قومی اسمبلی میں پیش کی جائے گی، جس کی منظوری سینیٹ میں دو تہائی اکثریت سے ہو چکی ہے۔ سینیٹ میں ترمیم کے حق میں 64 ارکان نے ووٹ دیا، جبکہ مخالفت میں کوئی بھی ووٹ نہیں آیا۔ اس ترمیم کی 59 شقوں کی مرحلہ وار منظوری دی گئی تھی۔

سینیٹ میں اپوزیشن جماعتوں نے اس ترمیم کے حق میں ہونے والی ووٹنگ کا بائیکاٹ کیا اور اس کے خلاف شدید احتجاج بھی کیا۔ پی ٹی آئی، جے یو آئی ف، سنی اتحاد کونسل اور ایم ڈبلیو ایم نے ترمیم کی مخالفت کی تھی۔ اس دوران اپوزیشن ارکان نے "جعلی اسمبلی" اور "جعلی حکومت" کے نعرے لگاتے ہوئے سینیٹ اجلاس سے واک آؤٹ کیا تھا۔

اب قومی اسمبلی میں اس ترمیم کی منظوری کے لیے 224 ارکان کی حمایت ضروری ہے، اور حکومتی اتحاد کے پاس اس وقت 237 ارکان کی حمایت موجود ہے۔ حکومتی اتحاد میں مسلم لیگ ن 125 ارکان کے ساتھ سب سے بڑی جماعت ہے، جبکہ پیپلز پارٹی کے 74، ایم کیو ایم کے 22، ق لیگ کے 5 اور آئی پی پی کے 4 ارکان بھی شامل ہیں۔

قومی اسمبلی میں اپوزیشن کے 89 ارکان ہیں، جن میں 75 آزاد ارکان، جے یو آئی ف کے 10 ارکان اور دیگر چھوٹی جماعتوں کے ایک ایک رکن شامل ہیں۔

آج ہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس میں اس آئینی ترمیم کی منظوری کی توقع ہے، جس کے بعد یہ ترمیم آئین کا حصہ بن جائے گی۔

مزیدخبریں