گوگل کروم کا اہم اپ ڈیٹ، لوکیشن شیئرنگ مزید محفوظ

09:24 PM, 11 May, 2026

کیلیفورنیا:  ٹیکنالوجی کمپنی گوگل نے اپنے براؤزر گوگل کروم کے اینڈرائیڈ ورژن میں ایک نیا پرائیویسی فیچر متعارف کرایا ہے، جس کے تحت صارفین کو اب اپنی درست لوکیشن کے بجائے صرف اندازاً یا قریب ترین مقام شیئر کرنے کا اختیار حاصل ہوگا۔

اس فیچر کے بعد ویب سائٹس صارف کے گھر، گلی یا مکمل پتے تک رسائی حاصل نہیں کر سکیں گی، بلکہ انہیں صرف عمومی اور قریب ترین علاقائی معلومات ہی فراہم کی جائیں گی، جو زیادہ تر آن لائن سروسز کے لیے کافی سمجھی جاتی ہے۔

اس سے پہلے کروم صارفین سے “پریسیز لوکیشن” یعنی درست مقام کی اجازت طلب کرتا تھا، جس پر ماہرین کی جانب سے پرائیویسی کے حوالے سے خدشات کا اظہار کیا جاتا رہا ہے۔ تاہم مخصوص سروسز جیسے نقشہ جات یا رائیڈ شیئرنگ ایپس کے لیے صارف اپنی مرضی سے مکمل لوکیشن شیئر کرنے کی اجازت بھی دے سکے گا۔

رپورٹس کے مطابق گوگل جلد ایک نیا API بھی متعارف کرانے جا رہا ہے، جس کے ذریعے ڈویلپرز یہ واضح کر سکیں گے کہ انہیں صارف کی مکمل لوکیشن درکار ہے یا صرف اندازاً مقام۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ اقدام آن لائن پرائیویسی کے تحفظ کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے، جس سے صارفین کو اپنی ذاتی معلومات پر مزید کنٹرول حاصل ہوگا۔
 
 
 
 

مزیدخبریں