دہشت گردوں کی معصوم بچیوں کو استعمال کرنے کی کوشش ناکام: بلوچستان سے خودکش بمبار خاتون گرفتار، والد کے قتل کی دھمکی دے کر ٹارگٹ دیا گیا

01:42 PM, 11 May, 2026

کوئٹہ: بلوچستان میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے انٹیلی جنس کی بنیاد پر ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے ایک خودکش بمبار خاتون کو گرفتار کر لیا ہے۔ اس گرفتاری نے جہاں اسلام آباد میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ خاک میں ملا دیا ہے، وہیں دہشت گردوں کے انسانیت سوز ہتھکنڈوں کو بھی بے نقاب کر دیا ہے۔
 وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے انکشاف کیا کہ گرفتار کی گئی بچی کو اسلام آباد میں خودکش حملے کا ٹارگٹ دیا گیا تھا۔ اسے مجبور کرنے کے لیے دہشت گردوں نے یہ گھناؤنی دھمکی دی تھی کہ اگر اس نے خودکش حملہ نہ کیا تو اس کے والد کو گولی مار دی جائے گی۔
 وزیراعلیٰ نے میڈیا کو بتایا کہ دہشت گرد اپنے بین الاقوامی آقاؤں کو خوش کرنے کے لیے معصوم خواتین کو ٹریپ کر کے انہیں دہشت گردی کی راہ پر ڈال رہے ہیں۔ انہوں نے اسے انتہائی شرمناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ خواتین کو بارود کے طور پر استعمال کرنا کسی بھی صورت قابلِ قبول نہیں۔
 سرفراز بگٹی نے واضح کیا کہ خواتین کو ڈھال بنانا یا انہیں دہشت گردی کے لیے استعمال کرنا بلوچ روایات کے سراسر خلاف ہے۔ ان عناصر کا بلوچ ثقافت اور غیرت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
 حکومت نے بچی کی مجبوری اور حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے اسے انسانی ہمدردی کے تحت باعزت طریقے سے والدین کے حوالے کر دیا ہے۔وزیراعلیٰ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ریاست اپنی بیٹیوں کے استحصال کی اجازت کسی کو نہیں دے گی اور معصوم ذہنوں کو ورغلانے والے عناصر کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔

مزیدخبریں