اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سیف سٹی ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا اور اسے جدید ترین 'کیپٹل سمارٹ سٹی' میں منتقل کرنے کے منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔ انہوں نے سیف سٹی کی اپ گریڈیشن اور جاری تعمیراتی کاموں کا معائنہ کرتے ہوئے اسے بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ سیکیورٹی کو فول پروف بنانے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو سیف سٹی کے ایک ہی پلیٹ فارم پر لایا جائے گا۔ اس سے ہنگامی صورتحال میں اداروں کے درمیان کوآرڈینیشن بہتر ہو گی۔ وفاقی وزیر نے زور دیا کہ یہ منصوبہ اسلام آباد کے شہریوں کو محفوظ اور پرسکون زندگی فراہم کرنے میں اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے شہر کی نگرانی کو مزید موثر بنایا جا رہا ہے۔
وزیر داخلہ نے ہیڈکوارٹرز میں جاری تزئین و آرائش اور کمپیوٹر سسٹمز کی اپ گریڈیشن کا باریک بینی سے معائنہ کیا اور کام کی کوالٹی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ سیف سٹی کو سمارٹ سٹی میں بدلنے سے پورے شہر کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ، ٹریفک کنٹرول اور جرائم کی روک تھام کا نظام بین الاقوامی معیار کے مطابق ہو جائے گا۔
وفاقی وزیر داخلہ نے حکام کو ہدایت کی کہ منصوبے کی تکمیل میں جدید ترین سافٹ ویئرز اور آرٹیفیشل انٹیلیجنس کا استعمال یقینی بنایا جائے تاکہ دارالحکومت کو جرائم سے پاک کیا جا سکے۔
وفاقی دارالحکومت میں سیکیورٹی کا جدید نظام: محسن نقوی کا سیف سٹی کو 'کیپٹل سمارٹ سٹی' میں تبدیل کرنے کا حکم
11:45 AM, 11 May, 2026