عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں کو پر لگ گئے: ٹرمپ کے بیان کے بعد خام تیل 4 فیصد مہنگا، قیمتیں 105 ڈالر سے بلند

10:40 AM, 11 May, 2026

لندن/نیویارک: ایران اور امریکہ کے درمیان سفارتی تعطل اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے جارحانہ بیان نے عالمی منڈی میں ہلچل مچا دی ہے۔ مشرقِ وسطیٰ میں سپلائی متاثر ہونے کے خوف سے خام تیل کی قیمتوں میں یکدم 4 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔عالمی مارکیٹ میں برطانوی خام تیل (Brent) کی قیمت 105 ڈالر 47 سینٹس فی بیرل کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔ دوسری جانب امریکی خام تیل (WTI) بھی 99 ڈالر 82 سینٹس فی بیرل تک مہنگا ہو گیا ہے۔
 معاشی ماہرین کا ماننا ہے کہ صدر ٹرمپ کی جانب سے ایرانی امن تجاویز کی منسوخی نے سرمایہ کاروں کو یہ پیغام دیا ہے کہ خطے میں تناؤ جلد ختم ہونے والا نہیں، جس کا براہِ راست اثر تیل کی قیمتوں پر پڑ رہا ہے۔
 خلیج سے تیل کی ترسیل میں ممکنہ رکاوٹوں کے خدشے نے عالمی منڈی میں قیمتوں کو اوپر دھکیل دیا ہے۔ اگر کشیدگی برقرار رہی تو قیمتوں میں مزید اضافے کا قوی امکان ہے۔تیل کی قیمتوں میں اس تیزی سے دنیا بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھنے اور عالمی افراطِ زر (مہنگائی) میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

مزیدخبریں