پنجاب اور خیبرپختونخوا میں طوفانی بارشیں: میانوالی میں ژالہ باری سے تباہی، بجلی کا نظام درہم برہم

10:10 AM, 11 May, 2026

اسلام آباد/ لاہور: وفاقی دارالحکومت، لاہور اور پنجاب کے مختلف شہروں سمیت خیبرپختونخوا میں گرج چمک کے ساتھ ہونے والی بارش نے جہاں گرمی کا زور توڑ دیا ہے، وہیں میانوالی میں آنے والے شدید طوفان نے نظامِ زندگی مفلوج کر دیا ہے۔
میانوالی میں طوفانی ہواؤں کے ساتھ ہونے والی شدید ژالہ باری نے بڑے پیمانے پر نقصان پہنچایا ہے۔ طوفان کی زد میں آکر درجنوں درخت جڑ سے اکھڑ گئے اور بجلی کے کھمبے گرنے سے پورا علاقہ تاریکی میں ڈوب گیا ہے۔اسلام آباد، لاہور اور گردونواح میں بادلوں کے برسنے سے موسم سرد اور خوشگوار ہو گیا ہے۔ بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی ہے۔
پشاور، مالاکنڈ، بنوں اور دیگر ملحقہ علاقوں میں بادل خوب گرجے اور موسلادھار بارش ہوئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بعض مقامات پر تیز ہواؤں کے باعث کچے مکانات اور فصلوں کو بھی نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔ متعلقہ ضلعی انتظامیہ نے بجلی کے گرنے والے کھمبوں کی مرمت اور سڑکوں کی بحالی کے لیے کام شروع کر دیا ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ خراب موسم کے دوران محتاط رہیں اور کھلے آسمان تلے سفر سے گریز کریں۔
محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ بارشوں کا یہ سلسلہ وقفے وقفے سے مزید کچھ دیر تک جاری رہ سکتا ہے جس سے درجہ حرارت میں مزید کمی آئے گی۔

مزیدخبریں