معرکہ حق، جزائر پر حملے 3 نکاتی ڈیل

09:06 AM, 11 May, 2026


10مئی 2025ءکی رات کا آخری پہر، پاک فوج کے کمانڈر انچیف فیلڈ مارشل حافظ سید عاصم منیر، ائر فورس کے سربراہ اور دیگر سینئر ساتھیوں کے ساتھ مشاورت میں مصروف تھے، موضوع بھارتی جارحیت۔ تین چار دن پہلے رات کے اندھیرے میں بزدل دشمن نے بہاولپور کی مسجد اور مدرسہ پر میزائل حملہ کیا تھا۔ پاکستان کا جواب تھا ایسا حملہ کریں گے کہ دنیا دیکھے گی، یہ حملہ تاریخ کا روشن باب ہو گا۔ کمرے میں لگی گھڑی نے تین بجائے، سرحدوں کے محافظ جاگ رہے تھے، دندان شکن جواب کے لیے حکمت عملی طے کر لی گئی۔ حافظ صاحب فیصلہ کر کے اٹھے، وزیر اعظم شہباز شریف سے منظوری لینا تھی، وہ بھی جاگ رہے تھے پلان شیئر ہوا وزیر اعظم نے کہا ”تن دیو“ قریبی مسجد سے فجر کی اذان گونجی۔ اللہ سب سے بڑا ہے، فوجی قیادت سجدے میں گر گئی۔ نماز کے بعد دعا کے لیے ہاتھ اٹھے، کفار کے لشکر کے مقابلے میں 313 پاکبازوں کو فتح سے ہمکنار کرنے والے رب ذوالجلال والاکرام ہم تیرے کرم اور مدد کے منتظر ہیں۔ رحمت ربی کو جوش آیا، مدد کی نوید کانوں میں رس گھولنے لگی۔ حافظ صاحب کے بقول میں نے اللہ کی مدد آتے دیکھی، فیلڈ مارشل نے رات کے اندھیرے میں حملہ کرنے والے دشمن پر دن کے اجالے میں یلغار کا حکم دے دیا۔ تاریخ ساز لمحات، اللہ اکبر کے نعروں کی گونج میں میزائل چلے اور بحکم ربی ٹھیک ٹھیک نشانوں پر لگے، چار گھنٹوں میں فیصلہ ہو گیا بھارت کے رافیل سمیت 6 طیارے (بقول ٹرمپ 8 طیارے) بھارتی فوجی اڈے مقبوضہ کشمیر کی چوکیاں اور روس سے خریدے گئے آر ایس ایس سسٹم تباہ ہو گئے، غرور اور تکبر کے بت اوندھے منہ گرے، پانچ گنا بڑی طاقت کے وزیر اعظم سرنڈر مودی کو ایسا دندان شکن جواب دیا گیا کہ اس کے سارے دانت ٹوٹ گئے۔ قوت گویائی چھن گئی۔ ایک سال سے چپ لگی ہے، دنیا بھر میں اللہ کے ان پُراسرار بندوں، غازیوں اور مجاہدوں کی دھوم دنیا کی سب سے بڑی ایٹمی سپر پاور کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ ہمارے فیلڈ مارشل اور وزیر اعظم کے ایسے گرویدہ ہوئے کہ اب تک انہیں عظیم اور شاندار شخصیات قرار دے رہے ہیں۔ معرکہ¿ حق تاریخ کا روشن باب جس نے پوری دنیا میں پاکستان کی دھاک بٹھا دی۔ ہمیں اپنے غازیوں، مجاہدوں اور راہِ حق میں شہید ہونے والوں پر فخر ہے۔ پوری قوم فتنہ الہند اور خوارج (منافقین) سمیت ملک دشمنوں کے خلاف اپنی بہادر اور پُرعزم فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ 10مئی پوری قوم ان تاریخی لمحات کا جشن منا رہی ہے۔ کسی نے کہا 9 مئی والے اس جشن سے کیوں لاتعلق ہیں، بینائی متاثر ہوئی ہے، یادداشت تو سلامت ہے، ملک کے دو لخت ہونے کے سانحہ کو نصاب میں شامل کرنے کا مطالبہ کرنے والے 10 مئی کے ”عسکری کرشمہ“ کو بھی نصاب کا حصہ بنانے کےلئے دو بول کہہ دیتے تو کچھ اور بات ہوتی۔ ہدایت من جانب اللہ۔
ایران امریکہ جنگ، کھیل بدل گیا عالمی کھلاڑیوں نے گیم ڈال دی۔ روس نے سلامتی کونسل میں آبنائے ہرمز کھولنے کی قرارداد ویٹو کر دی مطلب کھلے بندوں ایرانی کیمپ میں شمولیت کا اعلان۔ چین نے بھی دو ٹوک پیغام دیا کہ جنگ نہیں مذاکرات کریں، چینی قیادت نے یہ پیغام ایرانی وزیر خارجہ کے دورہ چین کے موقع پر دیا، پیغام ہے یا ٹرمپ کو دھمکی کہ 15 مئی کو معاہدے کی پرچی لے کر بیجنگ کا رخ کرنا ورنہ شکل نہ دکھانا، سیر کو سوا سیر، دھمکی کام کر گئی۔ پاکستانی قیادت کے تین اعلیٰ ترین کرداروں کی سفارت کاری کا کرشمہ، بداعتمادی کے سایوں اور ایران کو صفحہ ہستی سے مٹانے کی دھمکیوں کے باوجود ایک صفحہ پر لکھی تین نکاتی ڈیل تیار، فریقین کا اعتراف جو بھی راستہ نکلے گا اسلام آباد سے ہی نکلے گا۔ پاکستان کی ثالثی کی کوششیں کامیاب، دونوں فریق ڈیل کے قریب پہنچ گئے، ون پیج ڈیل میں کہا گیا کہ مستقل جنگ بندی ہو گی، آبنائے ہرمز کھول دی جائے گی ناکہ بندی ختم، ایران پر سے بتدریج پابندیاں ختم کر دی جائیں گی، یورینیم اور دیگر معاملات پر اسلام آباد میں مذاکرات ہوں گے۔ پاکستان کے کہنے پر امریکہ نے آبنائے ہرمز کھلوانے کے لیے پراجیکٹ فریڈم روک دیا لیکن ٹرمپ کا اعتبار کون کرے گھر والے ان کی متلون مزاجی سے تنگ ہیں۔ پل میں تولہ پل میں ماشہ، صبح بھرے 
پیٹ کے ساتھ (کانگریس میں پیشی سے بچنے کے لیے) جنگ کے باضابطہ خاتمے کا اعلان، شام کو مشروبات نے منہ کا ذائقہ خراب کر دیا وائٹ ہاو¿س کے گارڈن میں ٹہلتے ہوئے دھمکیوں کی پٹاری کھول دی، ادھر تیسرے فریق نے بھس میں چنگاری پھینک دی، یو اے ای کی ریاستوں پر میزائلوں سے حملہ، ایرانی پاسداران انقلاب نے حملہ کی تردید کی، امریکہ نے سمندر میں ایرانی کشتیوں پر حملہ کر دیا۔ سیز فائر گئی تیل لینے جنگ پھر شروع ہو گئی، سیانے کہتے ہیں ٹرمپ کے سینے میں جب تک اسرائیل کا دل دھڑکتا ہے، خلیج میں جنگ بند نہیں ہو گی۔ لوگ کہتے ہیں کہ ٹرمپ کو ٹرمپ ہی روک سکتا ہے، اور سیز فائر کی آڑ میں پوری تیاری کے ساتھ سمندری جنگ شروع کر دی، جنگ روکے نہیں رک رہی، دونوں ملکوں کو اربوں ڈالر کا نقصان، دنیا بھر میں تیل اور گیس کا بحران۔ سیانے کہتے ہیں کہ کوئی ایسی طاقت ہے کوئی خفیہ ہاتھ ہے جو اس جنگ کو عربوں کی تباہی کے بغیر ختم نہیں کرنا چاہتی، امریکہ عرب اور اسلامی ممالک کو تباہ کرنے کا ہدف لے کر آیا ہے ایران اس کے اندازوں کے برعکس مشکل ہدف ثابت ہوا لیکن عرب ممالک آسان شکار ہیں۔ ایران نے عرب ممالک کو عربی میں پیغام دیا ہے کہ ٹرمپ دنیا کو دھوکہ دے رہا ہے۔ سوچو سمجھو۔ سوچئے آبنائے ہرمز، باب المندب اور آبنائے ملاکا سے اس کا کیا تعلق اس کا علاقہ ہی نہیں مزید سوچئے اس نے پورے سمندر کی ناکہ بندی کیوں کی، سب کچھ خالی از علت نہیں، وہ عرب اور اسلامی ممالک سے 11 ہزار کلو میٹر دور بیٹھا ہے، وہ تیل اور گیس سے مالا مال عرب ملکوں سے دندانِ آز ہٹانا ہی نہیں چاہتا اگر وہ بے نیل و مرام چلا گیا تو روس اور چین ان ملکوں میں جگہ بنا لیں گے اس لیے پورا علاقہ اپنے لے پالک ناجائز بچے اسرائیل کے حوالے کر کے و ننگ ٹرافی کے ساتھ یہودیوں کی مدد سے نومبر کے مڈ ٹرم الیکشن میں کامیابی چاہتا ہے، سیز فائر کی آڑ میں ٹرمپ نے یواے ای کے دفاع کی ذمہ داری نیتن یاہو پر ڈال دی جس نے بلا تاخیر آئرن ڈوم، آئرن ڈیم اور دیگر ایٹمی اسلحہ یواے ای منتقل کر دیا غیر ملکی قبضہ اور تباہی کا پہلا منصوبہ۔ اس تباہ کن صورتحال میں سبھی تباہ ہو رہے ہیں۔ 76 سال پہلے کا منصوبہ امریکہ اسرائیل کے ساتھ مل کر عربوں کے تیل کے ذخائر پر قبضہ یا تباہی چاہتا ہے، پاکستان ثالثی کی کوششوں میں مصروف ہے جنگ کے بادلوں میں ڈیل کی مدھم روشنی دکھائی دے رہی ہے، پاکستان کا مقصد کسی کی حمایت نہیں بلکہ اپنے عوام کو 410 روپے لیٹر پیٹرول مہنگائی کے عفریت سے بچانا ہے۔

مزیدخبریں