مصنوعی ذہانت اب صرف سائنس فکشن کی دنیا تک محدود نہیں ہے بلکہ اس نے بہت کم وقت میں دنیا کو اپنی محیر العقول ترقیات سے محظوظ کیا ہے اور ہر شعبہ زندگی میں گہرائی تک رسائی حاصل کی ہے۔ یہ عصرِ حاضر کی ایک انقلابی ٹیکنالوجی ہے جو انسانی زندگی کے تقریباً ہر شعبے میں ہی انقلاب برپا کر رہی ہے۔ خود کار گاڑیوں سے لے کر ورچوئل اسسٹنٹ تک، مصنوعی ذہانت تیزی سے انسانی زندگی اور کام کرنے کے طریقوں کو تبدیل کر رہی ہے۔ اس کے فوائد نا قابلِ شمار ہیں، جیسے تیز رفتار اور درست فیصلے کرنے کی صلاحیت، وقت اور وسائل کی بچت، مشکل اور پیچیدہ کاموں کو خود کار بنانا، شعبہ صحت میں بیماریوں کی جلد تشخیص، مو¿ثر علاج اور روبوٹک سرجری کے ذریعے پیچیدہ آپریشنز، موسمیاتی تبدیلی، آفات سے نجات میں مدد، صنعتی پیداوار میں اضافہ اور تعلیمی شعبے میں انفرادی ضرورت کے مطابق رہنمائی فراہم کرنے میں مصنوعی ذہانت کا کردار کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔ اس کے علاوہ مصنوعی ذہانت تحقیق و ترقی کے عمل کو تیز کرنے، قدرتی آفات کی پیشگوئی کرنے اور انسانوں کی زندگی کو آسان اور محفوظ بنانے میں بھی مددگار ہے۔ اس کی مدد سے گھنٹوں میں کیے جانے والے کام چند سیکنڈز میں پایہ تکمیل تک پہنچ جاتے ہیں۔ مصنوعی ذہانت اس بات کو یقینی بناتی ہے کہ صارفین کسی بھی وقت انسانی مداخلت یا وقفے کے بغیر مدد تک رسائی حاصل کر سکیں۔ اس کے علاوہ بڑے ڈیٹا سیٹس کا تیزی سے تجزیہ کر کے انسانی غلطیوں سے وابستہ خطرات کو کم کرتے ہوئے بہتر فیصلہ سازی کی سہولت فراہم کرتی ہے۔ ہر طلوع ہوتے سورج کے ساتھ کمپیوٹر سائنس کے شعبے میں نت نئی حیرت انگیز ایجادات ہو رہی ہیں جو انسانوں کو اپنے مسائل کے حل کے لیے نئی راہیں دکھا رہی ہیں۔ اس سب کے جہاں بے حد فوائد ہیں وہیں یہ اپنے ساتھ بڑے بھیانک خطرات بھی لیے ہوئے ہے۔ مصنوعی ذہانت کا اثر ہمارے معاشرتی، اقتصادی، اخلاقی اور فلسفیانہ ڈھانچوں پر واضح طور پر پڑ رہا ہے۔ جہاں مصنوعی ذہانت نے انسان کو آگے بڑھنے کے بے شمار مواقع دئیے ہیں، مگر اس کے غلط استعمال نے انسان کو اس کے فطری اور معاشرتی کردار سے دور کر دیا ہے۔ اس کے علاوہ مصنوعی ذہانت کی ترقی سے ملازمت کے مواقع پر بھی منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں۔ آٹو میشن اور روبوٹکس کے آنے سے بہت سے لوگوں کی نوکریاں ختم ہو گئیں جس کے باعث معاشرتی سطح پر غربت اور معاشی مسائل میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ٹیکنالوجی کے بے جا استعمال اور ہر چیز کے لیے ڈیجیٹل آلات کی موجودگی نے انسانوں کو سست بنا
دیا ہے۔ ایسے مسائل جن کے بارے میں سوچا بھی نہیں جا سکتا تھا آج معاشرہ ان کی لپیٹ میں ہے۔ جوں جوں ٹیکنالوجی میں ترقی ہو رہی ہے انسان اخلاقی گراوٹ میں مبتلا ہو رہا ہے، اب اخلاقیات، محبت، ادب، شفقت، احترام، شرافت اور انسانیت کو بھول کر مشین بن رہے ہیں۔
پرائیویسی کا اس قدر فقدان ہے کہ موبائل فونز اور ایپلیکیشنزکی ترقی کے ساتھ ساتھ ہماری ذاتی معلومات کی حفاظت اب ایک چیلنج بنتی جا رہی ہے۔ یہ ایپلیکیشنز ہماری روزمرہ کی گفتگو، ویب سرچز، جغرافیائی مقام اور بہت ساری ذاتی تفصیلات کو جمع و محفوظ کرتی ہیں، پھر ہر فرد کی پسند، نا پسند اور دلچسپیوں کے بارے میں اندازہ لگایا جاتا ہے۔ غرض ایک انسان جس قدر اپنی ذات سے واقف ہوتا ہے اس سے زیادہ یہ مصنوعی ذہانت اس کی دلچسپیوں، پسند و نا پسند سے واقفیت رکھتی ہے۔ ان ہی دلچسپیوں کو مدِنظر رکھتے ہوئے اس انسان کی ٹائم لائن پر اشتہارات نشرکیے جاتے ہیں اور آن لان مواد تجویز کیا جاتا ہے۔ جتنا جس پلیٹ فارم کا دورہ کیا جائے گا اور جس پر جتنا زیادہ وقت صرف کیا جائے گا وہ پلیٹ فارم اسی قدر زیادہ اشتہارات حاصل کرنے میں کامیاب ہو گا۔ اکثر اوقات ان تمام معلومات کا استعمال تجارتی مقاصد یا دیگر غیر متوقع طریقوں سے کیا جاتا ہے۔ یہ ایک دو دھاری تلوار کی مانند ہے، جہاں اس نے کئی شعبوں میں انقلابی تبدیلیاں کی ہیں، وہاں اس کے خطرات بھی نظر آ رہے ہیں جیسے کے روزگار کی کمی، اظہارِ رائے کی آزادی کے حق کی خلاف ورزی، کسی فرد کے حق کی خلاف ورزی، ذاتی معلومات کے تحفظ کا مسئلہ اور انسانی جذبات و اخلاقیات پر اثر ات۔ مصنوعی ذہانت کے سسٹم صرف اتنے ہی اچھے ہیں جتنے ڈیٹا پر وہ تربیت یافتہ ہیں۔ اس ڈیٹا میں تعصبات ہیں تو مصنوعی اے آئی الگورتھم غیر ارادی طور پر برقرار رہ سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ ان کا استعمال جعلی خبریں پھیلانے یا لوگوں کو دھوکہ دینے کے لیے بھی کیا جا رہا ہے۔ مصنوعی ذہانت کے یہ سسٹم انسانی تخلیقی صلاحیتوں کو مکمل طور پر نقل کرنے کے قابل نہیں ہیں۔ ان سسٹم کے اندر ایسے بہت سارے خلا موجود ہیں جنہیں بعض اوقات ہیکرز اپنے فائدے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔ اس کے غیر ذمہ دارانہ استعمال سے معاشرتی نا ہمواری، اخلاقی زوال اور دیگر سنگین مسائل جنم لے رہے ہیں۔ جن سے نمٹنے کے لیے مناسب اقدامات کے ساتھ ساتھ حکمت، بصیرت اور اصولوں کی پاسداری کو یقینی بنانے کی اشد ضرورت ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ مصنوعی ذہانت اور ٹیکنالوجی کے مثبت اور منفی اثرات میں توازن برقرار رکھنا ضروری ہے۔ جیسے جیسے مصنوعی ذہانت کا نظام زیادہ ترقی یافتہ ہوتا جاتا ہے، اس بات کو خطرہ لاحق ہوتا ہے کہ معاشرے کے لازم و ملزوم نظاموں پر اپنا کنٹرول کھو سکتے ہیں۔ اگرچہ مصنوعی ذہانت اقتصادی ترقی کو فروغ دینے کی صلاحیت رکھتی ہے، یہ موجودہ عدم مساوات کو بڑھا بھی سکتی ہے۔ جو لوگ مصنوعی ذہانت، تعلیم اور وسائل تک رسائی رکھتے ہیں وہ ملازمت میں ترقی کی منازل طے کرنے کے لیے بہتر پوزیشن میں ہوں گے، جبکہ جو اس سب تک رسائی نہیں رکھتے انہیں معاشی پسماندگی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ مصنوعی ذہانت سے چلنے والی صنعتیں دولت اور طاقت کو چند بڑی کارپوریشنز کے ہاتھ میں مرکوز کر سکتی ہیں، جو دولت کی عدم مساوات کو بڑھاتی ہیں۔ مصنوعی ذہانت کی تیز رفتار ترقی اس کی نشوونما کے لیے ایک محتاط، متوازن نقطہ نظر کا تقاضا کر تی ہے۔ پالیسی سازوں، کاروباری اداروں اور تکنیکی ماہرین کو ایسے فریم ورک تخلیق کرنے کے لیے کام کرنا چاہیے جو شفافیت اور احتساب کو ترجیح دیں۔ مصنوعی ذہانت کے بارے میں عوامی فہم کو فروغ دینے کی اشد ضرورت ہے، مصنوعی ذہانت کی صلاحیتوں، خطرات اور ممکنہ استعمالات پر وسیع پیمانے پر آگاہی اس بات کو یقینی بنانے میں مدد فراہم کر سکتی ہے کہ عوام اس ٹیکنالوجی کے انضمام کے بارے میں سوچ سمجھ کر فیصلے کریں۔ اس کے علاوہ اس بات کو بھی یقینی بنایا جائے کے مصنوعی ذہانت کا نظام تعصبات کو کم کرنے، رازداری کے تحفظ اور انسانی اقدار کے ساتھ ہم آہنگ کر نے کے لیے ہیں۔ مصنوعی ذہانت کی ترقی اور اس کے خطرات کا توازن برقرار رکھنے کے لیے اس کے استعمال پر نگرانی اور ضوابط کی ضرورت ہے تاکہ اس کے فوائد کا زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھایا جا سکے اور اس کے خطرات کو کم سے کم کیا جا سکے۔ دوبارہ سے ہنر مندی کے پروگراموں میں سرمایہ کاری کرنے کی اشد ضرورت ہے تا کہ کارکنوں کو نئی ملازمتوں میں منتقل ہونے میں مدد ملے اور ایسے مستقبل کی تیاری کی جائے جہاں مصنوعی ذہانت انسانی مہارت کی جگہ لینے کے بجائے تکمیل کرے۔ مصنوعی ذہانت کا مستقبل ایسی دنیا بنانے کے بارے میں نہیں ہونا چاہیے جہاں صرف مشینوں کا غلبہ ہو، بلکہ انسانی صلاحیتوں کو بڑھانے اور ان کے معیار ِ زندگی کو بہتر بنانے کے لیے ٹیکنالوجی سے فائدہ حاصل کرنے کے بارے میں ہونا چاہیے۔ وقت کی اشد ضرورت ہے کہ ٹیکنالوجی کو ایک سہولت کے طور پر استعمال کیا جائے نا کہ اسے زندگی کا محور بنا لیں۔ ٹیکنالوجی کو اپنی زندگی کا حصہ ضرور بنائیں، لیکن اس کے منفی اثرات سے بچنے کے لیے اعتدال اور ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔
بدلتی دنیا اور جدید ٹیکنالوجی
09:04 AM, 11 May, 2026