لاہور :پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ جنگ بندی کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 کے باقی ماندہ میچز کے انعقاد کے لیے مختلف امکانات پر غور شروع کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ٹورنامنٹ کے بقیہ میچز کے لیے راولپنڈی کو ممکنہ مقام کے طور پر زیرِ غور لایا جا رہا ہے۔
پی ایس ایل انتظامیہ نے تمام فرنچائزز سے رابطہ کرتے ہوئے انہیں ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے غیر ملکی کھلاڑیوں کو فی الحال دبئی میں ہی رکھیں۔ ساتھ ہی مقامی کھلاڑیوں کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے کہ وہ ذہنی طور پر تیار رہیں، کیونکہ انہیں کسی بھی وقت راولپنڈی طلب کیا جا سکتا ہے۔
اطلاعات کے مطابق بورڈ 6 سے 8 دن کے مختصر دورانیے میں پی ایس ایل کے باقی میچز مکمل کروانے کا ارادہ رکھتا ہے، جبکہ کئی غیر ملکی کھلاڑی تاحال دبئی میں موجود ہیں۔
یاد رہے کہ حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے سبب پی سی بی نے پی ایس ایل کے آخری 8 میچز غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دیے تھے۔ پی سی بی کے بیان میں کہا گیا تھا کہ کرکٹ خوشی اور یکجہتی کا ذریعہ ہے، لیکن موجودہ حالات میں ایک وقتی وقفہ لینا ضروری تھا۔