پاک فضائیہ کی زبردست کارروائی، بھارتی جھوٹ بے نقاب ناقابلِ تردید شواہد منظر عام

02:41 PM, 11 May, 2025

اسلام آباد  :  ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے 9 مئی کو ایک اہم پریس کانفرنس میں انکشاف کیا کہ 6 اور 7 مئی کی رات پاکستان اور بھارت کے جنگی طیاروں کے درمیان شدید فضائی جھڑپ ہوئی، جو ایک گھنٹے سے زیادہ جاری رہی۔ اس جھڑپ میں پاک فضائیہ نے دشمن کے 5 جنگی طیارے مار گرائے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق تباہ کیے گئے بھارتی طیاروں میں 3 رافیل، 1 مگ 29 اور 1 SU-30 شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ نے یہ کارروائی پاکستان کی فضائی حدود کے دفاع میں کی اور تمام شواہد بین الاقوامی میڈیا کے سامنے رکھ دیے گئے ہیں۔

پریس کانفرنس کے دوران بھارتی طیاروں کے تباہ شدہ پرزے، ان کے نمبرز، اور ملبے کی جگہوں کی ویڈیوز بھی دکھائی گئیں۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ "ہم 21ویں صدی میں رہتے ہیں، اب ہر چیز کا ثبوت موجود ہوتا ہے، جھوٹ زیادہ دیر چھپ نہیں سکتا۔"

بھارت کی طرف سے اس واقعے کی تردید کی گئی، مگر متعدد بھارتی صحافیوں اور میڈیا چینلز نے طیارے گرنے کی خبروں کی تصدیق کی، جنہیں بعد میں بھارتی حکومت نے ہٹوا دیا۔ رپورٹس کے مطابق، مقبوضہ کشمیر کے مختلف علاقوں میں طیارے گرنے کی آوازیں سنی گئیں اور ملبے کی فوٹیج بھی سامنے آئی۔

معروف بھارتی صحافیوں جیسے پراوین سواہنے اور کرن تھاپر نے بھی طیارے گرنے کی خبر دی، مگر سچ بولنے پر انہیں میڈیا سے بلاک کر دیا گیا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ بھارت نے ہمیشہ کی طرح جھوٹ کا سہارا لیا، مگر اس بار سچ پوری دنیا کے سامنے ہے۔

پاکستانی قوم نے پاک فضائیہ کی اس شاندار کامیابی پر فخر کا اظہار کیا ہے، جبکہ عالمی برادری کی جانب سے خطے میں بڑھتی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

مزیدخبریں