جنگ بندی کے بعد کرکٹ بحالی کی امید، بنگلادیش ٹیم کے دورۂ پاکستان کے امکانات روشن

11:48 AM, 11 May, 2025

اسلام آباد: پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کے اعلان کے بعد بنگلادیش کرکٹ ٹیم کے مجوزہ دورۂ پاکستان کی راہ ہموار ہوتی دکھائی دے رہی ہے۔ بنگلادیش کرکٹ بورڈ نے دورے کے لیے اصولی طور پر آمادگی ظاہر کر دی ہے، جس سے سیریز کے انعقاد کی امیدیں بڑھ گئی ہیں۔

دورے کے ابتدائی شیڈول کے مطابق بنگلادیشی ٹیم 21 مئی کو پاکستان پہنچے گی، جہاں وہ 25 مئی سے 3 جون تک فیصل آباد میں پانچ ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی۔ اس سے پہلے بنگلادیشی ٹیم 17 اور 19 مئی کو متحدہ عرب امارات کے خلاف شارجہ میں دو میچز کھیلے گی۔

واضح رہے کہ اس سے پہلے بنگلادیش کرکٹ بورڈ نے خطے کی کشیدہ صورتحال اور پی ایس ایل و آئی پی ایل کی معطلی کے پیشِ نظر دورہ ملتوی کر دیا تھا۔ تاہم اب صورتحال بہتر ہونے پر دوبارہ بات چیت شروع ہو چکی ہے۔

بنگلادیشی بورڈ کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں اور عملے کی سیکیورٹی ان کی اولین ترجیح ہے، اور وہ حالات کا جائزہ لے کر ہی حتمی فیصلہ کریں گے۔ ادھر پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی دونوں ملکوں کے بورڈز کے درمیان رابطے کی تصدیق کی ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ جلد مثبت پیش رفت ہوگی۔

اگر یہ دورہ طے پاتا ہے تو یہ نہ صرف پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی سرگرمیوں کے تسلسل کو مضبوط کرے گا، بلکہ کھیل کے ذریعے خطے میں تعلقات کی بہتری کی ایک اچھی مثال بھی بنے گا۔

مزیدخبریں