امید ہے کہ پاکستان اور بھارت کی جنگ بندی دیرپا ہوگی،پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل

11:32 AM, 11 May, 2025

لندن: برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ پاکستان امید کرتا ہے کہ پاک بھارت جنگ بندی طویل عرصے تک برقرار رہے گی۔ انہوں نے اس جنگ بندی میں امریکا، سعودی عرب اور دیگر دوست ممالک کے کردار کو سراہا، اور کہا کہ ان ممالک نے اس مسئلے کو حل کرنے میں اہم مدد فراہم کی۔

اپنے بیان میں ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ پاکستان کو جنگ نہیں بلکہ امن کی ضرورت ہے، اور جنگ بندی کے لیے امریکا اور دیگر ممالک نے جو سفارتی کردار ادا کیا ہے، اس پر پاکستان ان کا شکر گزار ہے۔

پہلگام واقعے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جو لوگ اس حملے میں ملوث ہیں، انہیں سزا ملنی چاہیے، لیکن بھارت کو یہ ثابت کرنا ہوگا کہ یہ حملہ پاکستان سے ہوا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت خود کو جج نہیں بنا سکتا اور پھر یکطرفہ طور پر بمباری شروع کر دے۔

ڈاکٹر فیصل نے یہ بھی کہا کہ پاکستان اور بھارت کے تنازع کو بھارت نے خود پیچیدہ بنایا ہے، اور اگر بھارت عالمی قوانین کا احترام کرے تو مسائل کو حل کرنا آسان ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں پائیدار امن کے لیے مسئلہ کشمیر کا حل ضروری ہے، جو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے۔

مزیدخبریں