بڑی کامیابی: پاکستان میں ایل پی جی کی وافر فراہمی، ایک ماہ کا سٹاک جمع

09:59 PM, 11 Mar, 2026

کراچی :حکومت کی جانب سے توانائی کی مسلسل فراہمی یقینی بنانے کے لیے کیے گئے اقدامات رنگ لے آئے۔ پیٹرول کے بعد ایل پی جی کے چار مزید بحری جہاز پاکستان پہنچ گئے ہیں، جس سے ملک میں گیس کی قلت کا خطرہ مکمل طور پر ختم ہو گیا ہے۔ایل پی جی انڈسٹری ایسوسی ایشن کے چیئرمین عرفان کھوکھر نے صورتحال پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ  سوئی گیس کے 4 جہاز پورٹ پر پہنچ چکے ہیں جبکہ 4 مزید جہاز راستے میں ہیں، جس کے بعد ملک کے پاس ایک ماہ کا ذخیرہ موجود ہے۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ جو کمپنیاں "شارٹیج" کا بہانہ بنا کر مہنگی گیس بیچ رہی ہیں، ان کے خلاف فوری کریک ڈاؤن کیا جائے۔ چیئرمین نے زور دیا کہ رمضان المبارک میں عوام کو سستی گیس کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور منافع خوروں کو "ظلم" کرنے کی اجازت نہ دی جائے۔
خطے میں جاری سمندری کشیدگی اور آبنائے ہرمز میں حملوں کے باوجود، پاکستان بروقت ایل پی جی درآمد کرنے میں کامیاب رہا ہے۔ پورٹ قاسم پر پیٹرول اور گیس سے بھرے جہازوں کی لنگر اندازی اس بات کا ثبوت ہے کہ ملک میں توانائی کا بڑا بحران ٹل چکا ہے۔

مزیدخبریں