محسن نقوی کا ہاکی کی بحالی کے لیے بڑا قدم: بے روزگار کھلاڑیوں کو ملازمتیں دینے کا اعلان

08:22 PM, 11 Mar, 2026

لاہور :چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کے لیے بڑے ریلیف پیکج کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ اعلان انہوں نے قذافی اسٹیڈیم میں قومی ہاکی ٹیم کے کپتان عماد بٹ کی قیادت میں آنے والے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ملاقات میں پاکستان ہاکی فیڈریشن اور پی سی بی کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ محسن نقوی نے کھلاڑیوں کو 8 سال بعد ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہاکی ہمارا قومی کھیل ہے اور اس کی کھوئی ہوئی ساکھ بحال کرنا ہماری ترجیح ہے۔
 چیئرمین پی سی بی نے اعلان کیا کہ جو ہاکی کھلاڑی اس وقت کسی ادارے میں ملازم نہیں ہیں، انہیں روزگار فراہم کرنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں گے۔ زخمی کھلاڑیوں کے علاج معالجے کے تمام اخراجات اب پی سی بی برداشت کرے گا۔
 کھلاڑیوں کو جدید ترین میڈیکل اور فٹنس سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ وہ بین الاقوامی مقابلوں کے لیے تیار رہیں۔سکولوں کی سطح سے نیا ٹیلنٹ سامنے لانے کے لیے ایک مربوط پروگرام شروع کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
قومی ٹیم کے کوچ خواجہ جنید نے اس موقع پر کہا کہ پی سی بی کی جانب سے مشکل وقت میں ہاتھ تھامنا کھلاڑیوں کے لیے آکسیجن کا کام کرے گا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ان مراعات کے بعد کھلاڑی مزید جوش و جذبے سے ورلڈ کپ میں پاکستان کا نام روشن کریں گے۔
محسن نقوی  نے کہاکہ  ہاکی کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود اور انہیں معاشی طور پر مستحکم کرنا ہماری ذمہ داری ہے تاکہ وہ صرف اپنے کھیل پر توجہ دے سکیں۔ 

مزیدخبریں