امریکی صدر کاایران پر ممکنہ سخت کارروائی، تیل و گیس مراکز کے کنٹرول کا عندیہ

09:27 PM, 11 Jun, 2026

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے منسوب ایک بیان میں ایران کے حوالے سے سخت اور جارحانہ نوعیت کے دعوے سامنے آئے ہیں، جنہوں نے عالمی سطح پر توجہ حاصل کر لی ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری مبینہ بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکا ایران کے خلاف سخت اقدامات کر سکتا ہے۔ اس میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا کہ ایران کے دفاعی نظام، بشمول نیوی، فضائیہ اور ریڈار انفراسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچ چکا ہے۔

بیان کے مطابق مستقبل قریب میں امریکا ایران کے اہم توانائی مراکز، خصوصاً خارگ جزیرے سمیت دیگر تیل و گیس کے اثاثوں پر اثرانداز ہونے کی صلاحیت رکھتا ہے اور توانائی کے شعبے میں کنٹرول حاصل کرنے کے امکانات موجود ہیں۔

مزید کہا گیا کہ ایران کو آئندہ دنوں میں “انتہائی سخت کارروائیوں” کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، تاہم اس حوالے سے کسی آزاد یا سرکاری ذریعے سے کوئی تصدیق سامنے نہیں آئی۔

اسی مبینہ بیان میں وینزویلا کی مثال بھی دی گئی، جس میں دعویٰ کیا گیا کہ امریکا نے ماضی میں بھی اسی طرز کی حکمت عملی اختیار کی تھی، جس کے مختلف نتائج سامنے آئے۔

یہ تمام دعوے ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال پہلے ہی حساس اور غیر یقینی قرار دی جا رہی ہے، تاہم ان بیانات کی باضابطہ تصدیق موجود نہیں۔
 

مزیدخبریں