فیلڈ مارشل عاصم منیر اور ترک کمانڈر میں اہم ملاقات

09:20 PM, 11 Jun, 2026

راولپنڈی:  فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاک ترک دفاعی تعاون پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا ہے، جو دونوں ممالک کے درمیان عسکری شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کی سمت ایک اہم پیش رفت ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ترک بری افواج کے کمانڈر جنرل میٹن توکیل نے ملاقات کی، جن کی آمد پر پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔

ملاقات میں دفاعی تعاون، پیشہ ورانہ امور اور خطے کی سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ دونوں جانب سے پاکستان اور ترکیہ کے دیرینہ اور اسٹریٹجک تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ترک کمانڈر نے نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا اور چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف سے ملاقات کی، جس میں بحری سیکیورٹی کے امور زیرِ بحث آئے۔

اسی طرح ترک فوجی کمانڈر نے ایئر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا بھی دورہ کیا اور ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے اہم ملاقات کی، جس میں فضائی اور عسکری تعاون پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق ترک کمانڈر نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا اور علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کی تعریف کی۔

دونوں ممالک نے عسکری روابط کو مزید وسعت دینے، دفاعی تعاون کو فروغ دینے اور مشترکہ اقدامات کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ ملاقاتوں میں علاقائی امن، استحکام اور دفاعی اشتراک پر جامع مشاورت کی گئی اور قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
 

مزیدخبریں