لاہور: لاہور میں اچانک ہونے والی موسلادھار بارش، تیز آندھی اور ژالہ باری نے شہری زندگی کو شدید متاثر کر دیا۔ چند گھنٹوں کی بارش کے دوران شہر کے متعدد نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے جبکہ اہم شاہراہوں پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک کا نظام بری طرح متاثر ہوا۔
شدید موسمی صورتحال کے باعث بجلی کا ترسیلی نظام بھی متاثر ہوا اور درجنوں فیڈرز ٹرپ کر جانے سے شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔ بجلی کی بندش نے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا۔
بارش کے باعث سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے گاڑیوں کی آمدورفت سست روی کا شکار رہی جبکہ کئی مقامات پر شہریوں کو طویل ٹریفک جام کا سامنا کرنا پڑا۔ تیز ہواؤں کے باعث بعض علاقوں میں درختوں کی شاخیں اور سائن بورڈ گرنے کی اطلاعات بھی موصول ہوئیں۔
دوسری جانب بارش اور ژالہ باری کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا اور گرمی کی شدت میں نمایاں کمی آ گئی۔ متعلقہ اداروں نے نشیبی علاقوں سے پانی نکالنے اور بجلی کی فراہمی بحال کرنے کے لیے ہنگامی کارروائیاں شروع کر دی ہیں، جبکہ شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔