ابوظہبی: کرکٹ کے مداحوں کے لیے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، کیونکہ آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2027 کے مجوزہ شیڈول اور ابتدائی تفصیلات سامنے آ گئی ہیں۔
کرکٹ ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق یہ عالمی ایونٹ 4 اکتوبر سے 21 نومبر 2027 تک منعقد ہونے کا امکان ہے، جس میں مجموعی طور پر 54 میچز کھیلے جانے کی توقع ہے۔
رپورٹ کے مطابق جنوبی افریقہ کو ٹورنامنٹ کا مرکزی میزبان بنایا گیا ہے، جہاں 8 مختلف مقامات پر 41 میچز شیڈول ہونے کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ زمبابوے میں 8 سے 10 میچز جبکہ نمیبیا میں تقریباً 3 میچز کی میزبانی متوقع ہے۔
ورلڈ کپ میں 14 ٹیمیں شرکت کریں گی، جنہیں دو گروپس میں تقسیم کیا جائے گا اور ہر گروپ میں 7 ٹیمیں شامل ہوں گی۔ ابتدائی مرحلے کے بعد ہر گروپ کی ٹاپ تین ٹیمیں سپر سکس مرحلے کے لیے کوالیفائی کریں گی، جس کے بعد سیمی فائنل اور فائنل تک مقابلوں کا مرحلہ مزید دلچسپ ہو جائے گا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مجوزہ شیڈول کو مئی میں احمد آباد میں ہونے والی آئی سی سی بورڈ میٹنگ کے دوران ابتدائی منظوری مل چکی ہے، جبکہ ٹورنامنٹ کے فارمیٹ اور دیگر تفصیلات کی حتمی توثیق جولائی میں ہونے والی آئی سی سی سالانہ اجلاس میں کیے جانے کا امکان ہے۔